کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ و دیگر واقعات میں خاتون جاں بحق اور 5 افراد زخمی ہوگئے جبکہ کراچی کوئٹہ بس اڈے سے لاکھوں روپے مالیت کا اسمگل شدہ سامان برآمد کرلیا گیا۔
سچل پولیس نے سپر ہائی وے پرکوئٹہ بس اڈے پر اسمگلنگ کے خلاف آپریشن کیا اور لاکھوں روپے مالیت کا اسمگل شدہ سامان برآمد کرلیا، برآمد مال میں لاکھوں روپے مالیت کی چھالیوں کے 307 بورے، اسمگل شدہ غیر ملکی کولڈ ڈرنک، صابن اور قیمتی کپڑا بھی ملا ہے۔
چھاپے کے دوران اسمگلر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے جبکہ اسمگل شدہ مال کسٹمز کے حوالے کردیا گیا ہے،غیر ملکی سامان کوئٹہ سے کراچی آنے والی بسوں کے خفیہ خانوں میں چھپایا جاتا تھا، 2 روز قبل بھی کوئٹہ بس اڈے پر چھاپے کے دوران لاکھوں کا اسمگل شدہ مال ملا تھا۔
ناظم آباد کے علاقے پاپوش نگر میں نامعلوم افراد نے گاڑی پر فائرنگ کی جس سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ گاڑی کا کچھ افراد نے ناظم آباد سے پیچھا کیا اور پاپوش میں گاڑی پر فائرنگ کی، گاڑی ندیم نامی شخص کی ہے لیکن ابھی تک پولیس کے پاس کوئی نہیں آیا ہے۔
ریسکیو زرائع کے مطابق لیاری کمہار واڑہ کے قریب چھریوں کے وار سے میاں بیوی زخمی ہوگئے مرد کی شناخت 30 سالہ شہباز جبکہ بیوی کی شناخت زرین کے نام سے ہوئی ہے، زخمی میاں بیوی کو طبی امداد کے لئے سول اسپتال منتقل کردیا گیا پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ جھگڑے کے دوران پیش آیا مزید تفصیلات لے رہے ہیں۔
پولیس کے مطابق کلفٹن میں بلاول ہاؤس کے قریب نقلی پستول دکھا کر شہریوں کو لوٹنے والے ڈاکو کو پولیس نے گرفتار کرلیا، ملزم شہریوں سے لوٹ مار کررہا تھا کہ شہریوں نے 15 پہ پولیس کو اطلاع دی اور پولیس پہنچ گئی۔
کورنگی چمڑہ چورنگی کے قریب ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ سے 25 سالہ حبیب الرحمن زخمی ہوگیا، ٹاور کے قریب ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ سے 18 سالہ عمر فاروق زخمی ہوگیا اور اورنگی ٹاؤن فقیر کالونی میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر فائرنگ سے 38سالہ ذوالفقار احمد زخمی ہوگیا۔
دوسری جانب اورنگی ٹاؤن نمبر 5 سیکٹر L/12 زم زم بیکری والی گلی مکان نمبر 9 میں گھر سے ایک خاتون 24 سالہ ارم کی پھندا لگی لاش برآمد کی گئی ہے ۔
Comments are closed.