بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

کراچی: دکاندار نے ڈاکو مار دیا، 4 گرفتار، لاش برآمد، 1 شخص زخمی

کراچی کے علاقے ڈاکس میں دکاندار کی فائرنگ سے ڈاکو مارا گیا، قائد آباد میں پولیس مقابلے میں 2 ڈاکو زخمی ہو گئے، سرجانی ٹاؤن میں شہریوں نے 2 ڈاکو پکڑ لیئے،1 شخص کی تشدد زدہ لاش برآمد ہوئی جبکہ جھگڑے میں 1 شخص زخمی ہو گیا۔

پولیس کے مطابق ڈاکس تھانے کی حدود مچھر کالونی میں دکاندار کی فائرنگ سے ڈاکو ہلاک ہوگیا جبکہ اس کے 5 ساتھی فرار ہو گئے۔

ہلاک ہونے والے ڈاکو عبدالحق سمیت 6 مسلح ڈاکو کریانہ کی دکان میں لوٹ کی نیت سے داخل ہوئے تو دکاندار نے فائرنگ کر دی جس سے 1 ڈاکو مارا گیا جب کہ اس کے ساتھی فرار ہوگئے۔

فائرنگ سے خاتون سمیت دو راہ گیر بھی زخمی ہوئے ۔

ہلاک ہونے والے ڈاکو کے قبضے سے اسلحہ اور گولیاں ملی ہیں۔

پولیس کے مطابق قائد آباد پل کے قریب مبینہ پولیس مقابلے کے بعد 2 ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔

ملزم علی شیر اور یونس کے قبضے سے 2 پستول، 14 ہزار روپے کی نقد رقم اور شاہ لطیف ٹاؤن تھانے سے چھینی گئی موٹر سائیکل بھی ملی ہے۔

دوسری جانب سرجانی ٹاؤن کے علاقے یوسف گوٹھ میں شہری کو لوٹنے والے 2 ڈاکوؤں کو عوام نے پکڑ لیا۔

پولیس نے پہنچ کر ڈاکوؤں کو تھانے منتقل کر دیا، دونوں ملزمان پلاسٹک کی پستول سے شہری کو لوٹنے کی کوشش کر رہے تھے۔

سچل گوٹھ کے مارووڑا چوک کے قریب جھاڑیوں سے ایک شخص کی تشدد زدہ لاش ملی ہے۔

نارتھ ناظم آباد بلاک یو میں آپس کے جھگڑے کے دوران چھریوں کے وار سے 28 سالہ قادر زمان زخمی ہو گیا جسے طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.