پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے مریم نواز کی قومی احتساب بیورو (نیب) میں پیشی کے موقع پر اپوزیشن اتحاد کی جماعتوں کے کارکنوں کے پیش ہونے کا اعلان کردیا۔
لاہور میں مریم نواز سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ 26 مارچ کو پی ڈی ایم کی تمام جماعتوں کے کارکن نیب میں مریم نواز کے ساتھ پیش ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے ہمیشہ کہا کہ نیب ایک کٹھ پتلی ادارہ ہے، مریم نواز کی نیب میں طلبی کی وجوہات نے نیب کو بھی بے نقاب کردیا ہے۔
پی ڈی ایم سربراہ نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی (سی اے سی) کے فیصلے کا انتظار کیا جائے گا۔
اُن کا کہنا تھا کہ انتہائی خوشگوار ماحول میں پی پی کے ساتھ معاملات کو طے کریں گے، پی ڈی ایم کسی صورت بھی حکومت کو پتلی گلی سے نکلنے کا موقع نہیں دے گی۔
مولانا فضل الرحمٰن نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کو عالمی اداروں کا غلام بنانے کی کوشش کسی صورت تسلیم نہیں کریں گے، ہم ملکی خودمختاری اور آزادی کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ اسٹیٹ بینک کو خودمختار بنانے کا قدم بیرونی مالیاتی اداروں کو جوابدہ ہوسکتا ہے، یہ پاکستان کو معاشی لحاظ سے ذہنی غلام بنانے کی بھونڈی حرکت ہے۔
پی ڈی ایم سربراہ نے کہا کہ کشمیر سے متعلق نریندر مودی کا اقدام کسی کو قابلِ قبول نہیں ہے۔
Comments are closed.