بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

پولنگ بوتھ کے کیمرے مصدق ملک نے دکھا دیئے

پاکستان مسلم لیگ نون کے رہنما مصدق ملک کا کہنا ہے کہ پولنگ بوتھ میں نصب سامان کل سوا ایک بجے سیٹ ہوا تھا، سینیٹ میں پولنگ بوتھ میں نصب کیمروں کے خصوصی مناظر جیو نیوز نے حاصل کرلیے۔

مصدق ملک نے ویڈیو میں بتایا کہ کل دوپہر ایک بجے لگے آلات کے ساتھ کیمرے اور مائیک نصب ہیں، بوتھ میں نصب سامان کل سوا ایک بجے سیٹ ہوا تھا۔

پیپلز پارٹی کے سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر کاکہناہے کہ سینیٹ ہال میں دیکھا تو ٹی وی اسکرین کے نیچے2 کیمرے تھے جن کا رخ پولنگ بوتھ پر تھا، جبکہ پولنگ بوتھ میں پن ہول کیمرا ،مائیکرو فون اورایک بیڑی نما چیز موجود تھی۔

لیگی رہنما نے ویڈیو میں بتایا کہ پولنگ بوتھ میں ایک ڈیوائس لگی ہے جس کے ساتھ تار لگی ہے، جبکہ ایک باریک سوراخ بالکل اس جگہ لگا ہے جہاں بیلٹ پیپر پر مہر لگنی تھی۔

مصدق ملک کا کہنا ہے کہ ریکارڈنگ ڈیوائس سے یہ ریکارڈ ہونا تھا کہ کس نے کس کو ووٹ دیا ہے۔

سینیٹ اجلاس میں ایوان کے اندر اپوزیشن نے احتجاج کیا، مصدق ملک اور مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا کہ پولنگ بوتھ کے اندر دو کیمرے لگے ہوئے ہیں، اپوزیشن ارکان نے پولنگ بوتھ اکھاڑ کر سیکریٹری سینیٹ کی نشست پر رکھ دیا۔

دوسری جانب ایوان میں کیمرے برآمد کرنے کی کہانی جیو نیوز کو سناتے ہوئے پیپلز پارٹی کے سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر نے بتایا کہ شیری رحمٰن نے مجھے اور مصدق ملک سے کہا کہ آپ پہلے چلے جائیں اورجاکر ہال کا جائزہ لیں، جا کر دیکھیں کہ ہال میں کہیں کیمرے تو نہیں لگے۔

مصطفیٰ نواز کھوکھر نے بتایا کہ سینیٹ ہال میں دیکھا تو ٹی وی اسکرین کے نیچے کیمرا لگا تھا، کیمرے کو پکڑا تو اسے ٹیپ کے ساتھ چپکایا گیا تھا، کیمرے کے پیچھے دیکھا تو ایک اور کیمرا بھی موجود تھا ،دونوں کیمروں کا رخ پولنگ بوتھ کے اندر تھا۔

سینیٹ کے 48 نو منتخب ارکان نے حلف اٹھانے کے بعد رول آف ممبر پر دستخط کر دیے جس کے بعد سینیٹ اجلاس 3 بجے تک کیلئے ملتوی کردیا گیا۔

واضح رہے کہ سینیٹ اجلاس کے دوران اپوزیشن نے پولنگ بوتھ میں کیمرہ لگا ہونے پر شدید احتجاج کیا اور بوتھ اکھاڑ کر سیکریٹری سینیٹ کی نشست پر رکھ دیا جس کے بعد پریزائیڈنگ آفیسر مظفر حسین شاہ نے پولنگ بوتھ دوبارہ بنانے کا حکم دیدیا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.