جمعرات 8؍ شوال المکرم 1442ھ20؍مئی 2021ء

ٹیکنالوجی نے وکٹ کیپر کی بےایمانی پکڑ لی

انگلینڈ کے کاؤنٹی چیمپئن شپ میچ کے دوران بیٹسمین کو آؤٹ کرنے کے لئے دونوں امپائرز کی نظروں سے بچ جانے والے وکٹ کیپر کی بےایمانی کو کیمروں اور ٹیکنالوجی نے پکڑ لیا۔

لیسٹرشائر اور ہیمپشائر کے درمیان جاری میچ میں اس وقت تنازع دیکھنے میں آیا جب ہیمپشائر کے وکٹ کیپر نے مخالف ٹیم کے بیٹسمین کو’ اسٹمپ آؤٹ‘ کر کے زوردار اپیل کی۔ وکٹ کیپر اور دیگر فیلڈرز کے اصرار پر اسکوائر لیگ امپائر نے بیٹسمین کو آؤٹ قرار دے دیا۔

آؤٹ قرار دیئے جانے کے بعد ری پلے میں وکٹ کیپر کی بےایمانی کا بھانڈا پھوٹ گیا۔ جس نے الٹے ہاتھ سے اسٹمپ کیا جبکہ بال اسکے سیدھے ہاتھ میں تھی۔

واقعے کے کچھ ہی دیر بعد لیسٹرشائر کے ہیڈکوچ نے میچ ریفری سے بات کر کے معاملے پر مایوسی کا اظہار کیا جبکہ اس معاملے کو انگلینڈ کرکٹ بورڈ کے ساتھ بھی اٹھا دیا گیا ہے۔

انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مائیکل وان نے اس بےایمانی کو بہت ہی خراب قرار دیتے ہوئے لکھا کہ امید ہے وکٹ کیپر اس سے سبق حاصل کرے گا کیونکہ ان دنوں اس طرح کے واقعات سے بچنے کا کوئی امکان نہیں کیونکہ کاؤنٹی کے تمام میچز آن لائن دکھائےجارہے ہیں۔

واضح رہے کہ کرکٹ قوانین کے مطابق وکٹ کیپر کو بیٹسمین کو ’اسٹمپ‘ آؤٹ کرنے کے لئے وہی ہاتھ وکٹ پر مارنا ہوتا ہے جس ہاتھ میں اس نے بال پکڑی ہو۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.