بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

ٹڈاپ اسکینڈل: گیلانی کیخلاف 26 میں سے 2 مقدمات کیلئے الگ تاریخ مقرر

کراچی کی وفاقی اینٹی کرپشن کورٹ نے ٹڈاپ اسکینڈل کیس کی سماعت کرتے ہوئے سابق وزیرِ اعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما یوسف رضا گیلانی اور دیگر ملزمان پر قائم 26 کیسز میں سے 2 مقدمات الگ کر دیئے اور ان 2 کیسز کی سماعت کیلئے الگ تاریخ بھی مقرر کر دی۔

وفاقی اینٹی کرپشن عدالت میں سابق وزیرِ اعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما یوسف رضا گیلانی اور دیگر کے خلاف ٹڈاپ کرپشن کے 26 مقدمات کی سماعت ہوئی۔

یوسف رضا گیلانی اور دیگر ملزمان وفاقی اینٹی کرپشن کورٹ میں پیش ہوئے۔

عدالت نے حاضری لگانے کے بعد سابق وزیرِ اعظم یوسف رضا گیلانی کو واپس جانے کی اجازت دے دی اور حکم دیا کہ کیسز کی کارروائی یوسف رضا گیلانی کے وکیل چلائیں گے۔

ایف آئی اے کے 2 تفتیشی افسران کی عدم پیشی پر عدالت نے اظہارِ برہمی کرتے ہوئے غیر حاضر دونوں تفتیشی افسران کو شوکاز جاری کر دیا۔

عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ گواہوں کی عدم پیشی کے باعث کیس تعطل کا شکار ہے، آئندہ سماعت پر گواہوں کو بھی پیش کیا جائے، اگر کسی کی وجہ سے کیس نہیں چلا تو اسے جیل بھیج دیں گے۔

وکیل نے عدالت کو بتایا کہ یوسف رضا گیلانی کے خلاف ایک ہی الزام پر 26 مقدمات بنائے گئے ہیں، الزام ایک ہے اور ایف آئی آر 26 درج کی گئی ہیں۔

یوسف رضا گیلانی وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ کسی ایک کیس کو سن کر فیصلہ کیا جائے، جس سے باقی کیس نمٹانے میں آسانی ہوگی۔

وفاقی اینٹی کرپشن کورٹ نے 2 مقدمات دیگر کیسز سے الگ کر دیئے اور ان 2 کیسز کی سماعت 25 فروری تک ملتوی کر دی۔

وفاقی اینٹی کرپشن کورٹ نے اپنے حکم میں کہا کہ پہلے ان 2 مقدمات کو سنا جائے گا، دیگر 24 مقدمات کی سماعت 9 مارچ کو ہو گی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.