ہفتہ25؍رمضان المبارک 1442ھ 8؍ مئی 2021ء

ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ پی ٹی آئی کا اصل چہرہ ہے، مرتضی وہاب

ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضی وہاب کا کہنا ہے کہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ پاکستان تحریک انصاف کا اصل چہرہ ہے۔

ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ پر ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضی وہاب نے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ نے پی ٹی آئی کی شفافیت کے دعوؤں کی قلعی کھول دی ہے۔

بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ سے یہ کہتی آرہی ہے کہ یہ حکومت کرپٹ ترین ہے اور آج اس رپورٹ نے یہ ثابت کردیا۔

انہوں نے کہا کہ آج ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ نے پیپلزپارٹی کے موقف کی بھی تائید کردی ہے، کرپشن میں اضافہ اپوزیشن کی جماعتیں نہیں کہہ رہی بلکہ یہ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی مصدقہ رپورٹ ہے۔

مرتضی وہاب نے کہا کہ ماضی میں عمران خان خود ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی مثالیں دیا کرتے تھے، سلیکٹیڈ حکومت نے دیانتداری کا صرف لبادہ اوڑھ رکھا ہے۔

اُن کا کہنا ہے کہ ان کے کالے کرتوت رپورٹ نے واضح کردئیے ہیں، پی ٹی آئی کی حکومت اے ٹی ایم کو فائدہ اور عوام کو نقصان پہنچاتی ہے۔

ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ یہ رپورٹ واضح کرتی ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت عوام کو نوازنے کے بجائے اپنے اے ٹی ایمز کو نواز رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت کے غلط فیصلوں کی وجہ سے عوام کا استحصال ہورہا ہے، موجودہ دور حکومت میں پاکستان کا بین الاقوامی سطح پر تشخّص خراب ہو رہا ہے۔

 مرتضی وہاب نے مزید کہا کہ اس دور حکومت میں غلط اور کرپٹ فیصلوں کی وجہ سے چینی، ادوایات، گندم، پیٹرولیم سمیت کہیں اسکینڈلز منظر عام پر آئے۔ 

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.