جمعرات 8؍ شوال المکرم 1442ھ20؍مئی 2021ء

وزیر اعظم عمران خان کا مشروط استعفیٰ بے معنی ہے: یوسف رضا گیلانی

سابق وزیرِ اعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما یوسف رضا گیلانی کہتے ہیں کہ وزیرِ اعظم عمران خان کا مشروط استعفیٰ بے معنی ہے۔

کراچی میں وفاقی اینٹی کرپشن کورٹ میں سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیرِ اعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما یوسف رضا گیلانی نے یہ بات ایک صحافی کے سوال کے جواب میں کہی۔

صحافی نے یوسف رضا گیلانی سے سوال کیا کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے لوٹی ہوئی دولت واپس کرنے کی شرط پر استعفیٰ دینے کی پیشکش کی ہے اس پر آپ کیا کہتے ہیں؟

یوسف رضا گیلانی نے جواب دیا کہ وزیرِ اعظم عمران خان کا مشروط استعفیٰ بے معنی ہے، کرپشن اور دولت لوٹنے کا فیصلہ عدالتوں کو کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سینیٹ الیکشن سے قبل قانونی ماہرین کی رائے پر استعفے نہیں دیئے، ہم سمجھتے تھے کہ استعفوں سے سینیٹ الیکشن رک جائے گا۔

سابق وزیرِ اعظم نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے قانونی ماہرین نے رائے دی کہ استعفوں کے باوجود سینیٹ الیکشن ہو گا، قانونی ماہرین کی رائے کی روشنی میں سینیٹ اور ضمنی انتخابات میں حصہ لیا۔

انہوں نے کہا کہ میرے خلاف ایک ہی الزام پر 26 مقدمات بنا دیئے گئے ہیں، وعدہ معاف گواہوں کو جیل میں ہونا چاہیئے لیکن وہ باہر ہیں۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما یوسف رضا گیلانی نے مزید کہا کہ مسلم لیگ نون کی میزبانی میں کشمیر پر اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کا جلسہ ہو گا۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہی اجلاس میں اہم فیصلے ہوں گے، اتحاد میں 11 جماعتیں ہیں، سب کا مؤقف سنا جاتا ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.