جمعہ9؍ شوال المکرم 1442ھ21؍مئی 2021ء

مہنگائی اقتدار میں آنے کے وقت سے کم ہو گئی: عمران خان

وزیرِاعظم عمران خان کہتے ہیں کہ معاشی میدان میں مزید اچھی خبریں آ رہی ہیں، کنزیومر پرائس انڈیکس اور مہنگائی ہمارے اقتدار میں آنے کے وقت سے کم ہو گئی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک بیان میں وزیرِ اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ مہنگائی کم کرنے کی ہماری کوششوں کے نتائج آنے لگے ہیں، حکومت سنبھالتے وقت افراطِ زر اور کور پرائس انڈیکس زیادہ تھی جس کو کنٹرول کیا گیا۔

انہوں نے کہا ہے کہ افراطِ زر کو کنٹرول کرنے کے لیے کیئے گئے اقدامات مؤثر رہے، مہنگائی پر مزید قابو پانے کے لیے معاشی ٹیم کو متحرک کر دیا گیا ہے۔

بیان میں وزیرِ اعظم عمران خان کا یہ بھی کہنا تھا کہ معاشی ٹیم کو چوکس رہنے اور مہنگائی کنٹرول میں رکھنے کی ہدایت کر رکھی ہے۔

اسی حوالے سے وفاقی وزیرِ منصوبہ بندی اسد عمر اپنے ٹوئٹ میں کہتے ہیں کہ جنوری میں مہنگائی کی شرح کم ہو کر 5 اعشاریہ 7 فیصد پر آگئی ہے۔

اسد عمر کا یہ بھی کہنا ہے کہ آج مہنگائی کی شرح پی ٹی آئی حکومت کے اقتدار میں آنے کے وقت سے کم ہے، ملک میں مہنگائی میں مسلسل کمی آ رہی ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.