بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

ملک کے مختلف شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے

دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں شدید نوعیت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلےکا مرکز تاجکستان تھا، جس کی گہرائی 80 کلو میٹر تھی۔

دارلحکومت اسلام آباد سمیت ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں رات 10 بج کر 2 منٹ پر زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے، جن کی شدت 6 اعشاریہ 4 ریکارڈ کی گئی ہے۔

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کے جھٹکے راولپنڈی، مردان، شمالی وزیر ستان، سوات، باجوڑ، ملتان، سرگودھا، فیصل آباد، لاہور میں بھی محسوس کیے گئے۔

زلزلے کے جھٹکے مظفر آباد اور میر پور آزاد کشمیر، جہلم، ڈیرہ اسماعیل خان، کوہاٹ میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔

قلعہ عبداللّٰہ، پشین، توبہ اچکزئی میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، سوات، شانگلہ، بونیر، ملاکنڈ، دیر اور چترال میں بھی زلزلے کے شدت محسوس کی گئی۔

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کے جھٹکوں کے بعد اس کے آفٹر شاکس بھی آسکتے ہیں۔

ترجمان نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کا کہنا ہے کہ تمام پی ڈی ایم ایز کے ساتھ رابطے میں ہے،  این ڈی ایم اے پورے پاکستان سے زلزلے سے متعلق معلومات حاصل کر رہا ہے۔

ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ زلزلے سے اب تک کسی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

دوسری جانب ڈائریکٹر جنرل ریسکیو پنجاب نے ہائی الرٹ جاری کردیا ہے۔

ترجمان کے مطابق ڈی جی ریسکیو پنجاب نے ریسکیو 1122 کوہائی الرٹ کردیا تاہم ابھی تک زلزلے سے کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

اسی طرح صوبہ خیبرپختونخوا کے پرونشل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے ڈائریکٹر جنرل کا بھی کہنا ہے کہ زلزلے سے ابھی تک کسی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ پی ڈی ایم اے کا کنٹرول روم مکمل فعال ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.