جمعرات 8؍ شوال المکرم 1442ھ20؍مئی 2021ء

ملک میں کورونا وائرس سے مزید 2 بچے جاں بحق

نیشنل کمانڈ این آپریشن سینٹر (این سی او سی) کا کہنا ہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے باعث مزید 2 بچے جان کی بازی ہار گئے ہیں۔

این سی او سی کے مطابق کورونا وائرس کے باعث ملک میں اب تک 1 سے 10 سال تک کے 44 بچے جان کی بازی ہار چکےہیں۔

ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر (ڈی ایچ او) اسلام آباد نے این سی او سی کو بتایا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 24 گھنٹوں میں نومولود سے 10 سال عمر تک کے مزید 44 بچے کورونا وائرس میں مبتلا ہو گئے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 5 ہزار 395 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 118 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، اس بیماری سے 4 ہزار 740 مریض شفایاب ہو گئے، جبکہ مثبت کیسز آنے کی شرح 8 اعشاریہ 3 فیصد ہو گئی۔

انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد میں 10سال تک کے کورونا وائرس سے متاثرہ بچوں کی مجموعی تعداد 7 ہزار 52 ہو چکی ہے، 24 گھنٹوں میں 11 سے 20 سال والوں میں 49 کورونا وائرس کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔

ڈی ایچ او کا کہنا ہے کہ 11 سے 20 سال کے 6 ہزار 253 بچے اور نوجوان کورونا وائرس کا شکار ہو چکے ہیں، اسلام آباد میں 24 گھنٹوں میں 21 سے 30 سال کے 94 افراد کا کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ 24 گھنٹوں میں 31 سے 45 سال کے 153 افراد کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے، 46 سے 60 سال کی عمر کے 102 افراد کورونا وائرس کا شکار ہوئے ہیں۔

ڈی ایچ او نے بتایا کہ 61 سے 80 سال کی عمر کے 60 افراد کورونا وائرس کا شکار ہیں، اسلام آباد میں گزشتہ روز 81 سال سے زائد عمر کے 6 افراد کورونا وائرس کا شکار ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں کورونا وائرس کے مجموعی 67 ہزار 491 مثبت کیس رپورٹ ہوچکے ہیں، دارالحکومت میں اس وقت کورونا کے فعال کیسز کی تعداد 11 ہزار 947 ہے۔

اسلام آباد کے ڈی ایچ او نے یہ بھی بتایا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں شرح اموات 0.93 فیصد ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.