بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

ملک بھر میں مذہبی جماعتوں کے ساتھ ظلم ہورہا ہے، سربراہ پی ڈی ایم

چنیوٹ: پاکستان ڈیمو کرٹیک موومنٹ  (پی ڈی ایم)  کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں مظاہرے ہورہے ہیں، ظلم اور تشدد کے واقعات میں اضافہ ہورہا ہے، ملک بھر میں مذہبی جماعتوں کے ساتھ ظلم ہورہا ہے۔

عالمی مجلس ختم نبوت ﷺ کانفرنس سے خطاب کر تے ہوئے مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ  ملک میں بیروزگاری بد امنی میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے یہ ملک اسلام کے نام پر بنا لیکن یہاں اسلام کے نام لیوا مشکل میں ہیں،پاکستان اس وقت شدید طور پر معاشی بحران کا شکار ہے۔

سربراہ پی ڈی ایم کا کہنا تھا کہ حکومت کو ناجائز کہتے ہیں اور حقیقت میں یہ نالائق حکومت ہے ملک اس وقت معاشی طور پر ہچکولے کھا رہا ہے آئی ایم ایف کے بغیر معاشی نظام چلنے کے قابل نہیں رہاسابقہ حکمرانوں سے زیادہ ملک کو موجودہ حکومت نے معاشی نقصان پہنچایا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پی ڈی ایم ملک بھر میں مہنگائی کے خلاف احتجاج کررہی ہے، ریاست کی ذمہ داری ہے کہ اسلام کی حفاظت کریں لیکن ریاست اسکی مخالفت کررہی ہے ہماری اشرافیہ مغرب کو خوش کرنے کیلئے کسی بھی حد تک جانے کو تیار ہے۔

مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ  لبرل کہلانے والا طبقہ جرنیل کو گالی دے یا ریاست کو یہ سب محفوظ ہیں لیکن علماء بات کریں تو ان پر پابندیاں لگ جاتی ہیں،اپنے مطالبے کے لئے مظاہرہ کرنا کوئی جرم نہیں، اپنے حق کیلئے آئین کے مطابق احتجاج کرنے والوں پر گولی چلانے کی مذمت کرتے ہیں۔

سربراہ پی ڈی ایم کا کہنا تھا کہ اس ملک کو مضبوط اسلامی ملک بنانے کی جدوجہد جاری رکھیں گے یہ کمزور حکمرانوں سے ہم ذرا نہیں ڈرتے پی ڈی ایم واحد عوامی تحریک ہے جو روزانہ کی بنیاد پر عوام کے لیے احتجاج کررہے ہیں۔

You might also like

Comments are closed.