
کراچی میں جاری قومی ویمن فٹبال چیمپئن شپ میں ماشا یونائٹیڈ اور واپڈا کی کامیابیوں کا سلسلہ جاری ہے، دوسر ی جانب پی ایف ایف نے ایونٹ میں شامل گروپ بی کی ٹیموں کے کوویڈ ٹیسٹ کلیئر ہونے کے بعد اس کے میچز کو بحال کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
قومی ویمن فٹبال چیمپئن شپ کے سلسلے میں ہفتے کو مزید دو میچز کھیلے گئے۔
کے پی ٹی گراؤنڈ پر ہونے والے میچ میں واپڈا نے ہزارہ کوئٹہ فٹبال اکیڈمی کو 0-6 سے ہرادیا۔
فاتح ٹیم کی جانب سے شانزے نذیر نے دو گول کیے جبکہ مہناز شاہ، صنوبر، فاطمہ انصاری اور کائنات گل نے ایک، ایک گول کیا۔
کے ایم سی گراؤنڈ پر ہونے والے میچ میں ماشا یونائٹیڈ نے ایچ ای سی کو 0-4 سے زیر کیا۔
فاتح ٹیم کی نیپالی اسٹرائیکر انیتا کے سی نے دو گول کیے، سمروز ثمرینہ اور سارہ نے ایک، ایک گول کیا۔
پی ایف ایف نے دوسری جانب گروپ بی کے میچز بحال کرنے کا اعلان کردیا ہے، جس کے بعد اتوار کو 5 میچز کھیلے جائیں گے۔
ہفتے کو کراچی یونائٹیڈ اور سیالکوٹ سٹی کے درمیان شیڈولڈ میچ اب اتوار کو کھیلا جائے گا جبکہ 16 مارچ کو ملتوی ہونے والے میچز اب 25 مارچ کو کھیلے جائیں گے۔
Comments are closed.