مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ جو حکومت خود ووٹ چوری کرتی ہو، وہ حکومت کون سے الیکٹورل ریفارمز چاہتی ہے؟فواد چوہدری بتائیں الیکٹرونک ووٹنگ کیا ہے؟ یہاں حکومت پریزائیڈنگ افسران اٹھاکر لےجاتی ہے، اگرووٹنگ مشین لے گئی تو پھرکیا ہو گا۔
سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم تتّر بتّر نہیں ہوسکتی، وہ ایک مقصد کے لئے بنی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ نیب صرف ہراساں کرنے اور زباں بندی کے لیے کام کر رہا ہے۔ نیب نے خود اعتراف کرلیا ہے کہ وہ قومی اداروں کے تحفظ کا ذمہ دار ہے، اب وہ کون سے قومی ادارے ہیں اس کا ذکر نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام نیب کو جانتے ہیں، نیب کو حکومت سیاسی مخالفت کیلئے استعمال کر رہی ہے۔
انہوں نے فواد چوہدری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ فواد چوہدری میرے چھوٹے بھائی ہیں وہ بتادیں الیکٹرونک ووٹنگ کیا ہے پھر میں ان کو بتادوں گا۔
انہوں نے کہا کہ اداروں کے خلاف جاوید لطیف کا کوئی اسٹیٹمنٹ نہیں دیکھا، میں جاوید لطیف کی اس بات سے اتفاق نہیں کرتا، انہیں معافی مانگنی چاہیے تھی۔
رہنما مسلم لیگ نون نے کہا کہ پپلزپارٹی کو حق ہے اختلاف رائے کا، ہم ناراض نہیں ہیں، این اے 249 سے مفتاح اسمٰعیل نون لیگ کے امیدوار ہیں۔
Comments are closed.