سپریم کورٹ نے پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس کے خلاف عمران خان کی اپیل سماعت کیلئے منظور کر لی، چیئرمین تحریک انصاف کے وکیل نے کہا فارن فنڈنگ کیس دائر کرنے سے قبل اکبر ایس بابر کو تحریک انصاف سے نکالا جاچکا تھا، الیکشن کمیشن کو اختیار نہیں کہ اکبر ایس بابر کو پارٹی رکن قرار دے۔
الیکشن کمیشن کے اکبر ایس بابر کو پی ٹی آئی کا رکن قرار دینے کے فیصلے کے خلاف درخواست پر سپریم کورٹ میں سماعت ہوئی۔
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے وکیل انور منصور خان نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی اسکروٹنی کمیٹی پر اعتراض نہیں تاہم فارن فنڈنگ کیس دائر کرنے سے قبل اکبر ایس بابر پی ٹی آئی سے نکالے جا چکے تھے۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو اختیار نہیں کہ اکبر بابر کو پارٹی رکن قرار دے۔
جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا کہ آپ کو فارن فنڈنگ کیس پر نہیں صرف اکبر ایس بابر کی کیس میں موجودگی پر اعتراض ہے؟
جسٹس مشیر عالم نے سوال کیا آپ کیسے کہہ سکتے ہیں کہ فارن فنڈنگ کیس کرتے وقت اکبر ایس بابر پارٹی رکن نہیں تھے؟
وکیل انور منصور خان نے کہا کہ اکبر ایس بابر کو 2011 ء میں مستقل طور پر پی ٹی آئی سے نکالنے کا نوٹس جاری کر دیا گیا تھا۔
سپریم کورٹ نے اکبر ایس بابر کو نوٹس جاری کر تے ہوئے سماعت غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دی۔
Comments are closed.