بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

عوام 20 دن گھروں میں رہ کر عید سادگی سے منائیں: جام کمال

وزیرِ اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ عوام 15 سے 20 دن گھروں میں رہ کر احتیاط کریں اور عید سادگی سے منائیں، اگر لوگ زندہ ہوں گے تو کاروبار بھی چلیں گے اور خریداری بھی ہوگی۔

یہ بات وزیرِ اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے جاری کیئے گئے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی تیسری لہر تشویش ناک حد تک بڑھ گئی ہے، اگر وباء پر قابو نہ کیا گیا تو اسپتالوں میں مریضوں کو رکھنے کی جگہ نہیں ہو گی۔

کورونا وائرس کی تیسری لہر کا سب سے بڑا وار سامنے آگیا، جس سے پاکستان میں مزید 201 افراد انتقال کر گئے، یہ ملک میں کورونا وائرس سے یومیہ اموات کی سب سے بڑی تعداد ہے۔

وزیرِ اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ ہم بھارت کے حالات دیکھ کر پریشان ہیں اور ہمیں ان چیزوں کو سنجیدگی سے دیکھنا ہوگا، قومیں اور ملک کھڑے ہو سکتے ہیں لیکن زندگی واپس نہیں آتی۔

انہوں نے کہا کہ مالی نقصانات کا ازالہ ممکن ہے لیکن ملک کا سسٹم چلانے والے لوگوں کو زندگی چلانا مشکل ہے، آج وباء کا پھیلاؤ 2 اعشاریہ 5 فیصد سے بڑھ کر 12 سے 15 فیصد ہو گیا ہے۔

جام کمال نے کہا کہ اگر وباء کا پھیلاؤ 30 یا 40 فیصد تک پہنچ گیا تو تاجر بتائیں کیا وہ، ان کے رشتے دار اور ان کے دکاندار بچ سکیں گے، وہ کہاں جائیں گے؟

انہوں نے زور دیا کہ عوام مہربانی کر کے سنجیدگی کا مظاہرہ کریں، 15 سے 20 دن گھر میں بیٹھ کر سادگی سے رمضان اور عید منائیں۔

وزیرِ اعلیٰ بلوچستان کا یہ بھی کہنا ہے کہ کوئٹہ میں 5 ہزار لوگوں کو تو علاج دے سکتے ہیں مگر لاکھوں افراد کے لیے طبی سہولتیں میسر نہیں ہیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.