وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ملک میں ہر اعتبار سے استحکام آیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی ایماندار قیادت کو ورثے میں ملی تباہ حال معیشت، مشکل ترین حالات اور کورونا وبا کے باوجود الحمدللّٰہ وطن عزیز میں ہر اعتبار سے استحکام آیا۔
انہوں نے کہا کہ اب وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں بے شمار ترقیاتی و فلاحی منصوبوں کی بدولت پاکستان تعمیر و ترقی کی نئی راہ پر گامزن ہے۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ تحریک پاکستان میں شامل ہمارے بزرگوں نے قائداعظم محمد علی جناح کی قیادت میں جان و مال کی لازوال قربانیاں دیکر قیام پاکستان کے خواب کو حقیقت میں تبدیل کیا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اس خوبصورت اور زرخیز خطے کو چند خاندانوں نے گِدھوں کی طرح نوچ کھانے اور عدم استحکام سے دوچار کرنے میں کوئی کسر نہ چھوڑی ہے۔
Comments are closed.