بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

صرف PP اندر بیٹھی ہے، یہ کیا ہٹلر کا جرمنی ہے؟ مفتاح اسماعیل

قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 249 کراچی میں ہونے والے ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ نون کے امیدوار مفتاح اسماعیل کا کہنا ہے کہ صرف پیپلز پارٹی اندر بیٹھی ہوئی ہے، یہ کیا ہٹلر کا جرمنی ہے؟ ہم الیکشن کمیشن میں جائیں گے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نون لیگ کے امیدوار مفتاح اسماعیل نے کہا کہ صبح بھی آر او نے کہا کہ فارم 46 نہیں دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں کم از کم فارم پر دستخط تو دکھائیں، جب پہلا بیگ کھلا تو سیل نہیں تھا، ہمیں کہا گیا کہ سیل گر گئی ہوگی۔

مفتاح اسماعیل نے کہا کہ جو فارم 45 ملے تھے ان میں 167 پر دستخط نہیں تھے، آر او غیر استعمال شدہ بیلٹ گننے نہیں دے رہا ہے، آر او کہہ رہا ہے کہ صرف فارم 45 کی بنیاد پر گنتی کرلیں۔

انہوں نے کہا کہ آر او کاؤنٹر فائل بھی نہیں دکھا رہا، ایسے میں گنتی بے کار ہے، میں اکیلا بائیکاٹ نہیں کر رہا، باقی پارٹیاں بھی نکل کر آگئی ہیں، صرف پیپلز پارٹی آر او کے پاس بیٹھی رہ گئی ہے۔

نون لیگی رہنما نے مزید کہا کہ اگر شکست ہو گئی تو ہزار بار مانوں گا، جا کر ہار پہناؤں گا، الیکشن کمیشن کے پاس جائیں گے، کہیں گے کہ دوبارہ گنتی پر جو مذاق ہو رہا ہے اسے رکوائیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ووٹ کی عزت کی بات کر رہے ہیں تو ووٹ گننا لازمی ہے، میری شکایت آر او سے ہے، پیپلز پارٹی سے نہیں، آر او نے کہا کہ فارم 46 نہیں دیں گے جو خلافِ قانون بات ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.