جمعرات 8؍ شوال المکرم 1442ھ20؍مئی 2021ء

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ چیف جسٹس بنیں گے: مریم نواز

سابق وزیرِ اعظم میاں نواز شریف کی صاحبزادی، مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ انشاء اللّٰہ چیف جسٹس بنیں گے، ان کے خلاف سازش کی گئی۔

مریم نواز اپنی اور اپنے والد میاں نواز شریف کی نیب ریفرنس میں سزاؤں کے خلاف اپیلوں پر سماعت کے سلسلے میں اسلام آباد ہائی کورٹ پہنچ گئیں۔

اقبال ظفر جھگڑا، کیپٹن ریٹائرڈ صفدر اور مریم اورنگزیب بھی مریم نواز کے ساتھ عدالت آئے۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیرِ اعظم کی صاحبزادی نے کہا کہ وزیرِاعظم کے آفس میں سپریم کورٹ کے موجودہ جج کے خلاف سازش کی گئی۔

مریم نواز نے کہا کہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی اہلیہ کٹہرے میں کھڑی تھیں، جسٹس قاضی فائز عیسیٰ پر جھوٹا ریفرنس بنانے پر جوڈیشل کمیشن بنایا جائے۔

سابق وزیراعظم نوازشریف کی صاحبزادی مریم نواز نے جہانگیر ترین گروپ سے وزیراعظم عمران خان کی ملاقات پر ردعمل دے دیا۔

انہوں نے کہا کہ تاریخ میں کبھی موجودہ وزیرِ اعظم آفس کے اندر گھناؤنے جرائم کا ارتکاب نہیں ہوا، اداروں کے سربراہوں کو بلا کر کہہ رہے ہیں کہ نواز شریف اور مریم نواز کے خلاف یہ مقدمہ کرو، رانا ثناء اللّٰہ کے خلاف مقدمہ کرو۔

مریم نواز نے کہا کہ ان کرداروں کو ہم کچھ نہیں سمجھتے، اصل بات یہ ہےکہ حکومت کے سربراہ نے کہا کہ فلاں کو جیل میں ڈالو، اس طرح تو ڈان یا گینگ کے سربراہ کرتے ہیں۔

نائب صدر نون لیگ نے کہا کہ سیاسی انجینئرنگ کے لیے ادارے استعمال کیئے جا رہے ہیں، اتنی سیاسی انجینئرنگ کے باوجود نتیجہ کیا رہا، ہر محاذ پر حکمرانوں کو ناکامی ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ جسٹس شوکت عزیز کی گواہی آن ریکارڈ ہے، اب بشیر میمن کی گواہی آگئی ہے، بشیر میمن ایک ادارے کے سربراہ تھے، ادارے کا سربراہ ذمے داری سے بات کرتا ہے، عدلیہ سے درخواست ہے کہ اس معاملے کو خود دیکھیں، جسٹس شوکت عزیز صدیقی کو بھی سنا جائے۔

مریم نواز کا کہنا ہے کہ پاکستان کا ہر شہری جان گیا ہے کہ عمران خان کس قسم کی ذہنیت کے آدمی ہیں، انہوں نے وزیرِاعظم آفس کا غلط استعمال کیا، لوگوں کو سمجھ آگئی ہے کہ سسلین مافیاز کیا ہوتی ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ کہا جاتا ہے کہ ابھی تم گرفتار کر لو، مقدمہ کیا بنانا ہے وہ بعد میں دیکھیں گے، سوچیں جب آپ کی حکومت ختم ہوگی تب کیا ہوگا۔

سابق وزیرِ اعظم کی صاحبزادی نے کہا کہ 2014ء میں دھرنے شروع ہوئے تب سے جانتے ہیں کہ کیا سازش ہو رہی ہے، آج جو کچھ ہو رہا ہے وہ بھی اسی سازش کی کڑی ہے، مسلم لیگ نون اس معاملے کو نہیں جانے دے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ نوازشریف اپنی بیٹی کو لائے، مرتی ہوئی بیوی کو چھوڑ کر آئے، نوازشریف نے جرأت اور بہادری کا مظاہرہ کیا۔

نون لیگ کی نائب صدر مریم نواز کا یہ بھی کہنا ہے کہ ملک میں مہنگائی کا طوفان آیا ہوا ہے، پاکستان پیپلز پارٹی اگر استعفوں میں شامل ہو جاتی تو اب تک یہ حکومت جا چکی ہوتی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.