بیلجیئم کی معروف لیوون (Louven) یونیورسٹی میں پروفیسر اور آرکیٹیکٹ آسیہ صادق، ان کے شوہر اور پاکستان سے بے انتہا محبت کرنے والے آرکیٹیکٹ کرسٹوف پولاک نے حکومت پاکستان کی جانب سے ڈاکٹر نعمان احمد کو تمغۂ امتیاز دیے جانے پر انتہائی خوشی کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے ڈاکٹر نعمان احمد کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کی تعلیمی صلاحیتوں اور اپنے کام میں ان کے فضیلت و کمال کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر نعمان کی پاکستانی غریب عوام سے وابستگی قابل تقلید ہے جنہوں نے ہمیشہ اپنی تحریروں میں پاکستان کے غریب عوام اور وہاں سماجی طور پر کچلے ہوئے طبقات کے مسائل کے حل کے لیے آواز اٹھائی۔
یہی ایک بات انہیں اپنے ہمعصروں سے ممتاز کرتی ہے کہ وہ ان بے کس اور بے آواز لوگوں کی آواز بن کر سامنے آئے۔
ڈاکٹر نعمان نے این ای ڈی سے گریجویشن کے بعد انقرہ ترکی کی مڈل ایسٹ ٹیکنیکل یونیورسٹی سے سٹی پلاننگ میں ماسٹرز کیا۔
اربن اور ریجنل پلاننگ میں اپنی پوسٹ گریجویٹ ٹریننگ انہوں نے (UNCRD) جاپان اور ہارورڈ یونیورسٹی سے ہاؤسنگ اور اربن ڈویلپمنٹ میں کی۔
بعد ازاں انہوں نے برطانیہ کی Loughborough یونیورسٹی سے پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی، اپنے اس شاندار تعلیمی ریکارڈ کے ساتھ انہوں نے کئی اداروں میں پڑھایا اور آج کل وہ این ای ڈی یونیورسٹی کے شعبہ آرکیٹیکچر اور مینجمنٹ سائنسز میں پروفیسر اور ڈین کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں۔
اس کے علاوہ وہ ملک کے معروف اخبارات و جرائد میں عوامی مسائل سے جڑے موضوعات پر 600 سے زائد تحاریر کے مصنف بھی ہیں۔
ان کی انہی شاندار خدمات پر انہیں حکومت پاکستان نے گزشتہ قومی دن کے موقع پر تمغۂ امتیاز سے نوازا۔
علاوہ ازیں ان کی فیلڈ میں ملک کے دیگر ماہرین عارف حسن، منصور رضا اور بیلجیئم میں قائم پاک بینیلکس اورسیز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ارکان نے بھی انہیں مبارکباد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ ڈاکٹر نعمان احمد عوامی اور تعلیمی میدان میں ملک وقوم کے کچلے ہوئے طبقات کو ان کے مسائل کے حل میں معاونت فراہم کرتے رہیں گے۔
Comments are closed.