بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

بل گیٹس نے مائیکروسافٹ کمپنی افیئر کی تحقیقات کے باعث چھوڑی تھی

بل گیٹس افیئر کی تحقیقات کے باعث سافٹ ویئر کمپنی مائیکروسافٹ کے بورڈ سے مستعفی ہوئے تھے

بل گیٹس

،تصویر کا ذریعہGetty Images

امریکی ٹیکنالوجی کمپنی مائیکروسافٹ نے گذشتہ برس اپنی کمپنی کے بورڈ سے سبکدوش ہونے سے کچھ عرصہ قبل اپنے شریک بانی بل گیٹس کے خلاف ایک 20 برس پرانے افیئر کی تحقیقات کیں تھی۔

اس ٹیک کمپنی نے تصدیق کی ہے کہ اس کے شریک بانی بل گیٹس کے رویے کے متعلق تحفظات سامنے آنے کے بعد اس نے تحقیقات کا آغاز کیا تھا۔

مائیکروسافٹ کا کہنا ہے کہ اس نے ایک لا فرم کے ذریعے تحقیقات کروائی تھیں اور اس ملازمہ کو مدد فراہم کی گئی تھی جس نے بل گیٹس کے متعلق شکایت کی تھی۔ تاہم بل گیٹس کی ترجمان نے اس بات کی تردید کی ہے کہ بل گیٹس کا کمپنی بورڈ سے سبکدوشی کے فیصلے کا تعلق اس تحقیقات کے باعث تھا۔

یہ بھی پڑھیے

بل گیٹس اور ملینڈا گیٹس

،تصویر کا ذریعہGetty Images

اس تحقیقات کے متعلق خبریں اس وقت سامنے آئیں تھی جب بل گیٹس اور ان کی اہلییہ ملینڈا گیٹس نے شادی کے 27 برس بعد طلاق کے فیصلے کا اعلان کیا تھا۔

پیر کے روز مائیکروسافٹ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ سافٹ ویئر کمپنی کو سنہ 2019 کے آخر میں ایک شکایات موصول ہوئی تھی کہ ان کی کمپنی کے شریک بانی بل گیٹس نے سنہ 2000 میں کمپنی کی ایک خاتون اہلکار سے ‘قریبی تعلق استوار کرنے کی کوشش کی تھی’

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ ‘ کمپنی کی ایک بورڈ کمیٹی نے ایک لا فرم کے تعاون سے مکمل تحقیقات کروانے کے لیے اس شکایت کا جائزہ لیا تھا۔’

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ ‘تحقیقات کے دوران مائیکروسافٹ نے کمپنی کی ملازمہ کو مکمل مدد فراہم کی تھی جنھوں نے یہ شکایت جمع کروائی تھی۔’

تاہم یہ تحقیقات کسی حتمی نتیجے پر نہیں پہنچ سکی تھیں کیونکہ بل گیٹس اس کے مکمل ہونے سے پہلے ہی مائیکروسافٹ کے بورڈ کے عہدے سے علیحدہ ہو گئے تھے۔

سماجی رابطوں کی ویٹ سائٹ لنکڈان پر گذشتہ برس مارچ میں بل گیٹس نے اپنی ایک پوسٹ میں کہا تھا کہ انھوں نے یہ فیصلہ اس لیے کیا ہے تاکہ وہ اپنی خیراتی تنظیم بل اینڈ ملینڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے خیراتی اور فلاحی کاموں پر زیادہ توجہ دیں سکے۔

انھوں نے یہ اعلان مائیکروسافٹ کے بورڈ کا دوبارہ سربراہ مقرر ہونے کے تین ماہ بعد کیا تھا۔

بل گیٹس اور ملینڈا گیٹس

،تصویر کا ذریعہGetty Images

اس وقت انھوں نے اپنے پیغام میں لکھا تھا کہ ‘ مائیکروسافٹ کے حوالے سے بورڈ سے سبکدوش ہونے کا قطعاً یہ مطلب نہیں ہے کہ وہ کمپنی سے علیحدہ ہو رہے ہیں۔ مائیکروسافٹ ہمیشہ میری زندگی کا ایک اہم حصہ رہے گی۔میں پہلے سے بھی کہیں زیادہ کمپنی کی ترقی کے لیے پرامید ہوں اور کیسے یہ دنیا کو فائدہ پہنچانے کا عمل جاری رکھ سکتی ہے۔’

البتہ امریکی جریدے وال سٹریٹ جرنل نے اتوار کو رپورٹ کیا تھا کہ مائیکروسافٹ کے بورڈ نے فیصلہ کیا تھا کہ بل گیٹس کا اپنی کمپنی کی خاتون اہلکار کے ساتھ تعلقات غیر مناسب تھا اور انھیں کمپنی کے بورڈ سے مستعفی ہونے کی ضرورت ہے۔

وال سٹریٹ جرنل کی جانب سے بل گیٹس کے افیئر کے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں بل گیٹس کی ترجمان نے اس تعلق کی تصدیق کی تھی تاہم ترجمان نے اس بات کر تردید کی ہے کہ بل گیٹس کا کمپنی بورڈ سے سبکدوش ہونے کے فیصلے کا اس افیئر سے کوئی تعلق تھا۔

بل گیٹس کی ترجمان کا کہنا تھا کہ ‘ ان کا 20 برس قبل ایک خاتون ملازمہ سے افیئر تھا جو احسن طریقے سے ختم ہو گیا تھا۔ بل گیٹس کا کمپنی بورڈ سے سبکدوشی کے فیصلے کا اس معاملے سے کوئی تعلق نہیں تھا۔ درحقیقت انھوں نے کچھ برس قبل شروع کیے اپنے خیراتی کاموں کے لیے زیادہ وقت دینے میں دلچپسی ظاہر کی تھی۔’

بل اینڈ ملینڈا گیٹس فاؤنڈیشن نے بی بی سی کو بتایا کہ وہ اس بیان پر قائم ہے۔

یاد رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں بل گیٹس اور ان کی اہلیہ ملینڈا گیٹس نے شادی کے 27 برس بعد علیحدگی کا فیصلہ کیا تھا۔

اس جوڑے نے گذشہ چند برسوں کے دوران دنیا بھر میں خیراتی کاموں کے لیے اربوں ڈالرز خرچ کیے ہیں اور دونوں نے اپنی طلاق کے بعد بھی فاؤنڈیشن میں ایک ساتھ کام کرنے کا اعادہ کیا ہے۔

بل گیٹس اور ملینڈا گیٹس

،تصویر کا ذریعہGetty Images

امریکی میڈیا نے رپورٹ کیا ہے کہ دنوں اس بات پر متفق ہو گئے تھے کہ ان علیحدگی کا اعلان کرنے سے قبل ان کی جائیداد اور اثاثوں کی تقسیم کیسے ہو گی۔ فوربز میگزین کے مطابق بل گیٹس اس وقت دنیا کے چوتھے امیر ترین شخص ہیں اور ان کے اثاثوں اور دولت کی مالیت 124 بلین ڈالرز ہے۔

انھوں نے 1970 کی دہائی میں مائیکروسافٹ کمپنی کی بطور شریک بانی بنیاد رکھی تھی اور سنہ 2008 تک وہ وہاں کل وقتی کام کرتے رہے۔ مائیکروسافٹ اب دنیا کی سب سے بڑی سافٹ ویئر کمپنی ہے۔

بل گیٹس اور ملینڈا گیٹس کی جائیدادوں میں واشنگٹن، فلوریڈا اور ویمونگ میں ملٹی ملین ڈالرز کی پراپرٹیز شامل ہیں۔ واشنگٹن کے علاقے میڈینا میں ان کے مرکزی گھر کے قیمت تقریباً 127 ملین ڈالرز ہے۔

BBCUrdu.com بشکریہ
You might also like

Comments are closed.