جمعرات 8؍ شوال المکرم 1442ھ20؍مئی 2021ء

بزدار نے عمران خان کو ٹف ٹائم دینے کے لیے گروپ بنالیا، عظمیٰ بخاری کا دعویٰ

اپوزیشن کی سب سے بڑی جماعت مسلم لیگ(ن) پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری نے دعویٰ کیا ہے کہ عثمان بزدار نے عمران خان کو ٹف ٹائم دینے کے لیے 32 ایم پی ایز پر مشتمل گروپ تشکیل دیدیا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کی ترجمان فردوس عاشق اعوان کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ چیئرمین سینیٹ اب یوسف رضا گیلانی ہی بنیں گے، حکومت جتنا مرضی زور لگالے۔

انہوں نے کہا کہ عثمان بزدار نے پنجاب کے 32 ایم پی ایز کا گروپ بنالیا ہے، یہی وجہ ہے اب عمران خان اُنہیں ہٹا نہیں سکتے ہیں۔

ن لیگ پنجاب کی ترجمان نے مزید کہا کہ جس دن عمران خان نے عثمان بزدار کو وزارت اعلیٰ سے ہٹانے کا فیصلہ کیا وہ اپنا گروپ سامنے لے آئیں گے۔

انہوں نے عثمان بزدار کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ جس کی اپنی کوئی پہچان نہیں جو آج بھی اپنا تعارف کرانے کے لیے شہباز شریف کا نام استعمال کرتا ہے، اُسے11 کروڑ آبادی والے صوبے پر مسلط کردیا گیا۔

عظمیٰ بخاری نے یہ بھی کہا کہ عثمان بزدار جیسا ڈمی جب تک وزیراعلیٰ رہے گا تو پنجاب میں منہگائی، بیروزگاری اور کرپشن عروج پر رہےگی۔

ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں بیٹھے ایماندار نے قوم کو چینی، گندم، پٹرول اور ادویات میں ہزار ارب سے زائد کا ٹیکا لگادیا ہے۔

ن لیگی ترجمان نے کہا کہ ادھر لاہور میں بیٹھے دوسرے ایماندار نے پنجاب کو اپنے فرنٹ مینوں کے حوالے کردیا ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.