کورونا وائرس کی نئی قسم سے ہنگامی بنیادوں پر نمٹنے کےلیے برطانوی حکومت نے کورونا ویکسین کی پہلی اور دوسری خوراک میں وقفہ بڑھانے کا اعلان کردیا۔
پہلی اور دوسری ویکسین کے درمیان وقفے کی مدت کو تین ہفتوں سے بڑھا کر بارہ ہفتوں تک کردیا گیا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ سب کو ابتدائی تحفظ فراہم کرنا اولین ترجیح ہے جبکہ کورونا وائرس کی موجودہ ہنگامی صورتحال میں ہزار افراد کو ابتدائی تحفظ فراہم کرنا پانچ سو افراد کو اضافی تحفظ فراہم کرنے سے بہتر ہے۔
پہلی خوراک عوام کو ابتدائی تحفظ فراہم کرسکے گی اور انہیں سنگین بیماری میں مبتلا ہونے اور اسپتال میں داخل ہونے کی نوبت آنے سے محفوظ رکھ سکے گی۔
تحقیق کے مطابق ویکسین کی پہلی اور دوسری خوراک کے درمیان وقفہ کم ہونے سے خطرات لاحق ہوسکتے ہیں ۔
ویکسین کی دوسری خوراک سے بھرپور طور پر فائدہ اٹھانے کے لیے ضرورت ہے کہ جسمانی دفاعی نظام کو پہلی خوراک سے فائدہ اٹھانے کا وقت دیا جائے۔
Comments are closed.