جمعرات 8؍ شوال المکرم 1442ھ20؍مئی 2021ء

این سی اوسی کا دفاتر میں 50 فیصد حاضری پر دوبارہ اتفاق

ملک بھر میں کورونا کے بڑھتے کیسز پر قابو پانے کے لئے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی اوسی)نے اسلام آباد کے دفاتر میں 50 فیصد حاضری برقرار رکھنے پر دوبارہ اتفاق کیا ہے، باقی صوبے اپنی صوابدید کے مطابق فیصلہ کرینگے، تفریحی پارک ملک بھر میں شام 6 بجے بند جبکہ ہوٹل اور ریسٹورنٹس کے باہر بیٹھ کر کھانے کی اجازت ہوگی۔

وفاقی وزیر شفقت محمود اور ڈاکٹر فیصل سلطان نے اسلام آباد میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ ہفتے کے دوران کورونا کیسز میں اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اجلاس میں کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز اور ایس او پیز کے بارے میں گفتگو، تفریحی مقامات، ہوٹل، شادی ہال اور دیگر انڈسٹریز کی بحالی پر بھی مشاورت کی گئی۔

ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ اسلام آباد کے دفاتر میں 50 فیصد حاضری پر دوبارہ اتفاق کیا گیا ہے، تفریحی پارک ملک بھر میں شام 6 بجے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ بند مقامات پر تقریبات کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، 15 مارچ سے 15 اپریل تک پابندی برقرار رہے گی، تاہم نظرثانی کرکے 12 اپریل کو مزید فیصلے کیے جائیں گے۔

ڈاکٹر فیصل کا کہنا تھا کہ بیماری کے پھیلاؤ کے تناسب سے اسمارٹ لاک ڈاؤن لگاتے رہیں گے، شہری گھر سے باہر ماسک ضرور استعمال کریں، ہوٹل اور ریسٹورنٹس کے باہر بیٹھ کر کھانے کی اجازت ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ شادی ہال سے متعلق پالیسی برقرار رہے گی۔

وفاقی وزیر شفقت محمود نے کہا کہ سندھ ،بلوچستان میں حالات معمول پر آرہے ہیں، سندھ اور بلوچستان کے تعلیمی اداروں میں 50 فیصد حاضری کی پالیسی جاری رہے گی۔

شفقت محمود نے کہا کہ 5 کروڑ بچے اسکول اور کالج جاتے ہیں، بیماری کے پھیلاؤ کو تعلیم کے تناظر میں بھی دیکھا جاتا ہے، ہمیں پنجاب، خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر میں مسائل نظر آئے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ لاہور، فیصل آباد، گوجرانوالہ، گجرات، ملتان، راولپنڈی اور سیالکوٹ میں 15 اپریل سے بہار کی چھٹیوں کا اعلان کیا جا رہا ہے جبکہ اسلام آباد کے تعلیمی ادارے بھی پیر سے دو ہفتے کے لیے بند ہوجائیں گے، اس کے علاوہ پشاور اور مظفر آباد میں بھی تعلیمی ادارے 15 سے 28 اپریل تک بند رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومتیں باریک بینی سے معاملات کا جائزہ لیں، جن اسکولوں میں امتحانات ہورہے ہیں وہ جاری رہیں گے، صوبائی حکومت حالات خراب ہونے پر اسکول بند کرسکتی ہے۔

شفقت محمود نے کہا کہ اسکولوں کو خود بھی مانیٹرنگ کرتے رہنا چاہئے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ اس پابندی کا اطلاق امتحانات پر نہیں ہوگا، فیصلہ کیا تھا کہ نویں، دسویں، گیارہویں اور بارہوریں کے امتحانات ہوں گے۔

این سی او سی اجلاس میں مزارات اور سینما کھولنے کا فیصلہ واپس لے لیا گیا ہے، شادیوں اور دیگر ان ڈور تقریبات کا فیصلہ بھی واپس لے لیا گیا، جبکہ تجارتی سرگرمیوں کا وقت رات 10 بجے تک ہے اور یہ فیصلے فوری نافذ العمل  ہیں۔

این سی او سی کے مطابق آؤٹ ڈور تقریبات کیلئے بھی 300 افراد تک کی اجازت ہوگی، تمام فیصلوں کا ازسرنو جائزہ 12 اپریل کو لیا جائے گا۔

ڈاکٹر فیصل سلطان کے کہا کہ 60 سال سے زائد عمر کے لوگوں کو ویکسین لگانے کا آغاز ہو چکا ہے، گزشتہ ہفتے کورونا کے کیسز میں اضافہ ہوا ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.