پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فرخ حبیب کا کہنا ہے کہ اکبر ایس بابر کے غبارے سے ہوا نکل چکی ہے۔
فرخ حبیب نے میڈیا سے گفتگو کے دوران اکبر ایس بابر سے متعلق کہا ہے کہ اکبر ایس بابر کیس لمبا کیوں کر رہے ہیں، الیکشن کمیشن سے اپیل ہے اس سماعت کو جلدی نمٹائے، اکبر ایس بابر آئے روز نئی درخواست دائر کر دیتے ہیں، درخواست کا فیصلہ ہونے تک اسکروٹنی کمیٹی کام نہیں کر سکے گی۔
فرخ حبیب نے کہا ہے کہ اکبر ایس بابر کا پی ٹی آئی سے کوئی تعلق نہیں، مسلم لیگ ن کے پیڈ اکبر ایس بابر نے جو رویہ اختیار کیا وہ اس میں پھنس چکے ہیں، کیس ختم ہوتے ہی مریم نواز سے اکبر ایس بابر کو آنے والا ایزی لوڈ بند ہو جائےگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ آج ہمارے موقف کی فتح ہوئی ہے، پی ٹی آئی نے ٹھیکوں اور سڑکوں سے پیسے نہیں لیے، ہم اپنا سارا ریکارڈ الیکشن کمیشن کو جمع کرا چکے ہیں۔
فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ مریم نواز یکم اپریل کو مزید ثبوت لے کر آئیں، پیپلز پارٹی اور ن لیگ نے بہت سے اکاؤنٹ ظاہر نہیں کیے، ان اکاؤنٹس میں آئے پیسے کی رسیدیں نہیں ہیں، جس جماعت نے اسامہ بن لادن سے پیسے لیے اب تک ہمیں اس کا بھی جواب نہیں ملا، پاپڑ اور حدیبیہ والے کیس پی پی اور ن لیگ کے اکاؤنٹس سے نکلیں گے۔
انہوں نے کہا کہ یکم اپریل کو تاریخ ہے، مریم صفدر بہت قانون کی باتیں کرتی ہیں تو آئیں الیکشن کمیشن، قوم کو پتہ چلا کیسے مریم صفدر اور ان کے پاپا نے قوم کو لوٹا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ پچھلے چار سال سے آپ بھگوڑے ہوئے ہیں، مریم صفدر کو چیلنج ہے کہ یکم اپریل کو الیکشن کمیشن آئیں۔
فرخ حبیب نے کہا ہے کہ قوم عمران خان پر اعتماد کرتی ہے، وزیر اعظم عمران خان فیصلہ کریں گے کس کھلاڑی کو کھلانا ہے۔
فرخ حبیب نے میڈیا سے گفتگو کے دوران مزید کہا کہ اس سال22 ارب ڈالر کے ریمیٹینس آئیں گے۔
Comments are closed.