کراچی میں جاری انڈر-21 جونیئر سندھ کپ اسنوکر ٹورنامنٹ کی سیمی فائنل لائن اپ مکمل ہوگئی، دفاعی چیمپئن شہریار خان، سعد خان، محمد اسد خان اور عمر اسماعیل آخری چار کھلاڑیوں میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوگئے۔
منگل کو ایونٹ کے پری کوارٹر اور کوارٹر فائنل کھیلے گئے، آخری آٹھ کھلاڑیوں کے درمیان ہونے والے مقابلے میں دفاعی چیمپئن شہریار خان نے محمد عثمان کو 0-3 سے ہرایا۔
سعد خان نے زُنیر خان کو دلچسپ مقابلے کے بعد 2-3 سے شکست دی جبکہ محمد اسد خان نے ہارون سلیم کو باآسانی 0-3 سے ہرایا۔
آخری کوارٹر فائنل میں عمر اسماعیل نے محمد اُسامہ اقبال کو 1-3 سے مات دی۔
ایونٹ کے سیمی فائنلز میں شہریار خان کا مقابلہ سعد خان سے ہوگا جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں اسد خان اور عمر اسماعیل مدمقابل ہوں گے۔
یہ مقابلے آج کھیلے جارہے ہیں جبکہ فائنل بھی آج ہی کھیلا جائے گا۔
Comments are closed.