جمعرات 8؍ شوال المکرم 1442ھ20؍مئی 2021ء

افغانستان نے زمبابوے کو دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں بھی پچھاڑ دیا

دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں افغانستان نے زمبابوے کو 45 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔ میچ جیو سُوپر سے براہ راست دکھایا گیا۔

محمد نبی نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 40 رنز بنائے اور  دو وکٹیں حاصل کیں۔ محمد نبی  آل راؤنڈ پرفارمنس پر مین آف دی میچ قرار پائے۔

ابو ظبی میں کھیلے گئے میچ میں افغانستان نے پہلے بیٹنگ کی، پہلی وکٹ 9 رنز پر گری، دوسری وکٹ پر کریم جنت اور عثمان غنی کے درمیان 102 رنز کی شراکت ہوئی، عثمان غنی نے 49 اور کریم جنت نے 53رنز بنائے۔

 تجربہ کار کھلاڑی محمد نبی نے صرف 15 گیندوں پر 40 رنز کی اننگز کھیلی، چار چھکے اور  دو چوکے لگائے۔

افغانستان کا اسکور مقررہ اوورز میں 5 وکٹ پر 193رنز رہا، جواب میں زمبابوے کی بیٹنگ لائن کسی بھی موقع پر نہ سنبھل سکی۔

زمبابوے  کے بیٹسمین مستقل طور پر پویلین جاتے رہے، ریان بُرل نے 40 رنز کی اننگز کھیلی، ٹیم اٹھارہویں اوور میں 148رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

راشد خان نے تین وکٹیں حاصل کیں، محمد نبی اور نوین الحق نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

 45 رنز کی فتح کے ساتھ افغانستان نے زمبابوے کے خلاف تین میچوں کی سیریز میں دو۔صفر کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.