
پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ یہ ایک سیاسی اور انتقام پر مبنی مقدمہ ہے، پہلے کہہ چکی ہوں جتنا انتقام ہونا تھا ہوگیا، جتنا برداشت کرنا تھا کر لیا، اس مرتبہ اِن کے لیے آسان شکار نہیں بنوں گی۔
مریم نواز نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب عمران خان کی حکومت مشکل میں آئی ہے، اس کی کشتی ڈوب رہی ہے، اگر عمران خان گھر نہ جا رہا ہوتا تو مریم نواز کو نیب بلانے کی ضرورت نہ پڑتی۔
مریم نواز نے کہا ہے کہ انتقام سہہ کر برداشت کر کے ان کو ایکسپوز کیا ہے، نیب کو یہ موقع نہیں دیا جائے گا کہ عمران خان کی ڈوبتی کشتی کو بچائے، ان کی اپنی اسٹریٹیجی ہے ہماری اپنی اسٹریٹیجی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کچھ کامن گولز ہیں جن پر ہم پی ڈی ایم میں اکٹھے ہیں، سیاست میں اتار چڑھاؤ آتے رہتے ہیں، کوئی اختلافات نہیں ہیں، وہ ایک سیاسی پارٹی ہے، میں نےفیصلہ کیا تھا کہ ان کے انتقام کو روکنا ہے، مقابلہ کرنا ہے۔
اُن کا پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ڈی ایم اپنا لائحہ عمل خود طے کرے گی، اس میں اور کسی کا عمل دخل نہیں، پی ڈی ایم عوام کی توقعات کے مطابق فیصلے کرے گی۔
اُن کا کہنا تھا کہ میں نےکسی کوذاتی طور پر 26 مارچ کو نیب میں پیشی کے موقع پر دعوت نہیں دی، فضل الرحمٰن کا اظہار یکجہتی پر شکریہ، مولانا فضل الرحمٰن نے میری پیشی پر پی ڈی ایم جماعتوں کے شامل ہونےکا ذکر کیا تھا۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ میں نوازشریف کی بیٹی ہوں، میں رواداری کی سیاست اورتعلقات کو نبھانا جانتی ہوں، نیب کو نیب کے علاوہ سب چلا رہے ہیں۔
تاریخ میں پہلی مرتبہ نیب کو ریڈ زون ڈیکلیئرکیا جارہا ہے، اسی سے پتا چلتا ہے ایک نہتی عورت کا کتنا خوف ہے، نوازشریف اورعوام کا کتنا خوف ہے، خوف سے تھر تھر کانپ رہے ہیں، پورے علاقے کوریڈزون ڈیکلیئر کر دیا ہے، ریڈ زون ڈیکلیئر کرنے سے پتہ چلتا ہے کون خوف میں ہے اور کون خوف میں نہیں.
مریم نواز نے کہا ہے کہ پہلے مجھے نیب نے بلایا تھا، اور نیب آفس کے سامنے مجھ پر قاتلانہ حملہ کیا گیا تھا، میری گاڑی پر لیزرگن سے فائر کیا گیا تھا، پتھراؤ کیا گیا تھا، پوری دنیا نے ویڈیوز دیکھیں۔
واضح رہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز کی 12 اپریل تک عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے نیب کو گرفتاری سے روک دیا ہے۔
عدالت نے دس لاکھ کے دو مچلکوں کے عوض مریم نواز کی ضمانت منظور کی۔
Comments are closed.