اسلام آباد میں ہیلتھ کئیر ورکرز کی ویکسین رجسٹریشن روک دی گئی ہے ، ذرائع کا کہنا ہے کہ ہیلتھ کئیر ورکرز کی ویکسین رجسٹریشن ایک ہفتے سے رکی ہوئی ہے۔
ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر (ڈی ایچ او)کا کہنا ہے کہ ہیلتھ کئیر ورکرز کو ویکسین رجسٹریشن کے لیے ڈیڑھ ماہ سے زیادہ وقت دیا گیا تھا، اب ہیلتھ کیئر ورکرز کو اسپتال جا کر رجسٹریشن کے لیے کہا گیاہے ۔
ذرائع کاکہنا ہے کہ صرف60 سال سے زائد عمر کے افراد کی ویکسین رجسٹریشن جاری ہے، جن ہیلتھ کئیر ورکرز کی رجسٹریشن ہو چکی ان کی ویکسی نیشن جاری ہے ۔
ذرائع نے بتایا کہ رجسٹرڈ ہیلتھ کیئر ورکرز کو ویکیسن کی دوسری ڈوز لگانا شروع کر دی گئی ہے۔
دوسری جانب رہنما ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن ڈاکٹر اسفندیار کا کہنا ہے کہ پورے ملک میں ہیلتھ کیئر ورکرز کی رجسٹریشن بند کردی گئی ہے، جو ایک افسوسناک بات ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان میں 24 گھنٹے کے دوران کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح11 اعشاریہ 2 فیصد تک جاپہنچی ہے، کورونا وائرس سے ایک دن میں مزید 41 افراد جاں بحق ہوگئے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید4 ہزار525 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 41 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، جبکہ اس بیماری سے 2ہزار268 مریض شفایاب ہو گئے۔
ملک بھر میں کورونا وائرس سے انتقال کرنے والوں کی مجموعی تعداد 14 ہزار256ہو گئی ہے، جبکہ کُل مریضوں کی تعداد 6 لاکھ59ہزار116ہو چکی ہے۔
Comments are closed.