سابق وزیراعظم اور پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما راجا پرویز اشرف نے کہا ہے کہ ہم نہیں چاہتے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) ٹوٹے۔
اسلام آباد میں میڈیا بریفنگ میں پرویز اشرف نے کہا کہ پی ڈی ایم کی تشکیل میں بڑا ہاتھ بلاول بھٹو زرداری کا ہے اور ہم نہیں چاہتے کہ اپوزیشن کا اتحاد ٹوٹ جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی پارلیمان سے استعفوں کا ایٹم بم چلانے سے گریز نہیں کرے گی، اپوزیشن اتحاد نے حکومت کو ضمنی اور سینیٹ انتخابات میں شکست دی ہے۔
پی پی رہنما نے مزید کہا کہ حکومت اسمبلی اور سینیٹ میں ہاری ہے، سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کا نام مشاورت کے بعد دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہم ہر اصلاحاتی کمیٹی میں جائیں گے لیکن وہ بامقصد ہو اس حوالے سے حتمی فیصلہ اپوزیشن اتحاد کرے گا۔
راجا پرویز اشریف نے یہ بھی کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے ممبران کو 65 کروڑ روپے کے فنڈز دیے دراصل پیسا تو پی ٹی آئی حکومت نے چلایا ہے، وزیراعظم نے پیسے والوں کو ٹکٹ دیے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی نے دیرینہ کارکنان کو سینیٹ ٹکٹ جاری کئے جبکہ پی ٹی آئی نے ارب پتی، اے ٹی ایمز کو سینیٹ ٹکٹ جاری کئے۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ پیپلز پارٹی ملک اور عوامی مفاد کے ہر عمل میں حصہ دار بنے گی، ہم عوام کے حقوق کے لیے نتیجہ خیز جدوجہد جاری رکھیں گے۔
Comments are closed.