کراچی ملیر اور سانگھڑ میں سندھ اسمبلی کے ضمنی انتخاب میں پیپلز پارٹی نے میدان مار لیا۔
پی ایس 88 ملیر کے تمام 108 پولنگ اسٹیشن کے غیر سرکاری و غیر حتمی نتائج آگئے ہیں۔ جس کے مطابق پیپلز پارٹی کے امیدوار یوسف بلوچ 24 ہزار 251 ووٹ لیکر کامیاب ہو گئے جبکہ تحریک لبیک کے کاشف شاہ 6090 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے۔
تحریک انصاف کے امیدوار جان شیر کو 4 ہزار 870 ووٹ ملے اور متحدہ قومی موومنٹ کے ساجد احمد نے2635 ووٹ حاصل کئے۔
پی ایس 88 ملیر کی نشست پیپلز پارٹی کے رکن اسمبلی غلام مرتضیٰ بلوچ کے انتقال پر خالی ہوئی تھی۔
ادھر پی ایس 43 سانگھڑ کے ضمنی انتخاب کے مکمل غیرسرکاری و غیر حتمی نتائج آ گئے ہیں، جس کے مطابق پیپلز پارٹی کے جام شبیر 49571 ووٹ لے کر کامیاب ہو گئے۔ جبکہ تحریک انصاف کے مشتاق جونیجو نے 6931 ووٹ لیے۔
پی ایس 43 کے ضمنی انتخاب میں کامیاب امیدوار جام شبیر علی نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کی ہر حال میں عوام کے اعتماد پر پورا اترنے کی کوشش کروں گا۔
جام شبیر علی کا کہنا تھا کہ ثابت ہوا پیپلز پارٹی کو آج بھی عوام کا اعتماد حاصل ہے۔
پیپلزپارٹی کی رہنما شازیہ مری نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ضمنی الیکشن نے ثابت کیا سلیکٹڈ کو جانا پڑے گا۔
شازیہ مری کا مزید کہنا تھا کہ حلیم عادل شیخ کراچی ضمنی الیکشن میں اسلحہ لہراتا پھر رہا تھا، حلیم عادل کی وہی سزا ہونی چاہئے جو بدمعاش کی ہوتی ہے۔
Comments are closed.