مسلم لیگ ق کےسربراہ اور سینئر سیاستدان چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمٰن، آصف علی زرداری اور شہبازشریف سے میاں نواز شریف کے متعلق بڑی تفصیل کے ساتھ باتیں ہوئیں۔
چوہدری شجاعت حسین کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمٰن، آصف علی زرداری اور شہبازشریف ہمارے گھر ملاقات کیلئے آئے جس میں ہر قسم کے معاملات پر بات چیت ہوئی۔
شجاعت حسین کاکہنا تھا کہ بیس بیس، پچیس پچیس سال پرانے واقعات یہاں تک کہ میاں نواز شریف کے متعلق بھی بڑی تفصیل کے ساتھ باتیں ہوئیں۔
چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ ان ملاقاتوں میں بعض تجاویز بھی زیر غور آئیں جن کا اس موقع پر ذکر قبل از وقت ہو گا۔
چوہدری شجاعت حسین نےکہا کہ ملک کے اندر خاص طور پر لاہور میں سیاسی ماحول بنا ہوا ہے، ہر جماعت کے لیڈران مختلف باتیں کر رہے ہیں اور اپنی اپنی جماعتوں کے موقف بیان کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صرف سیاسی ملاقاتوں میں ہی مصروف رہے تو غریب عوام سیاستدانوں پر اعتبار کرنا چھوڑ دیں گے کیونکہ اگر معاشی حالات درست نہ کیے اور بے روزگاری کا مسئلہ حل نہ کیا تو تمام سیاستدانوں کی سیاست ختم ہو جائے گی ۔
چوہدری شجاعت کاکہنا تھا کہ جو لوگ ہماری خدمت کرتے ہیں ان کے مسائل کو بھی سننا چاہیے، معاشی حالات کو سب سے زیادہ اہمیت دی جانی چاہیے۔
Comments are closed.