امریکی صدر جو بائیڈن نے روس پر نئی پابندیوں کا اعلان کردیا۔
روس یوکرین کشیدگی کے معاملے پر اپنے خطاب میں امریکی صدر جوبائیڈن نے کہا کہ روسی بینک کے 250 ملین ڈالر کےاثاثے منجمد کیےجائیں گے، ماسکو کی عالمی مارکیٹ تک رسائی کی صلاحیت کو ہدف بنایا جائے گا۔
جوبائیڈن کا کہنا تھا کہ پیوٹن نے جنگ کا انتخاب کیا، اب انہیں نتائج بھگتنا ہوں گے۔ یوکرین پر روسی حملہ ایک منصوبہ بند حملہ ہے، پیوٹن نے سفارتکاری کےذریعے بہترین اعتماد کی کوشش کو مسترد کیا، میں نے پیوٹن کو کمزور نہیں سمجھا۔
امریکی صدر نے کہا کہ جی سیون رہنماؤں سے روس کے یوکرین پر بلاجواز حملے پر بات چیت کی، روس کو یوکرین پر حملے کے لئے جوابدہ ٹھہرانے کے لئے پابندیوں پر اتفاق کیا گیا۔
جو بائیڈن نے کہا کہ پابندیوں کے تباہ کن پیکجز، دیگر اقتصادی اقدامات آگے بڑھانے پر اتفاق کیا گیا ہے۔ پیوٹن پر براہ راست پابندیوں کا منصوبہ اب بھی زیرغور ہے۔
امریکی صدر نے کہا کہ روسی گیس کمپنی کو قیمتیں بڑھانے نہیں دیا جائے گا۔ ہمارے اقدامات کے کچھ انتہائی سخت نتائج وقت کے ساتھ ظاہر ہوں گے۔ روس کے ان بینکوں پر پابندی عائد کردی ہے جن کے پاس تقریباً 10 کھرب ڈالر کے اثاثے ہیں، آج روس کے چار اور بڑے بینکوں کو بھی بلاک کررہے ہیں۔
جو بائیڈن نے مزید کہا کہ نیٹو اتحادی آرٹیکل 5 کے تحت جوائنٹ سیکیورٹی کی ذمےداری پوری کریں گے۔
امریکی صدر نے کہا کہ عالمی انرجی سپلائز کو محفوظ بنانےکے لیے کام کر رہے ہیں، روس نے سائبرحملوں کی مہم شروع کی تو اسی طرح جواب دیں گے، نیٹو کو مضبوط بنانے کے لیے امریکا اضافی فورسز جرمنی میں تعینات کرے گا۔
Comments are closed.