بھارت میں آئے دن خواتین کے ساتھ جنسی زیادتی اور گھریلو تشدد کے واقعات دل دہلا دیتے ہیں۔ اس بار ریاست مدھیا پردیش میں ایک خاتون کو بری طرح سے بےعزت کیا گیا جسے کئی لوگوں نے دیکھا اور کچھ نہ کہا بلکہ بعض افراد بے حسی کے ساتھ اس ظلم پر مسکراتے اور اس سے لطف اندوز بھی ہوتے رہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست مدھیا پردیش میں خاتون کو مجبور کیا گیا کہ وہ شوہر کے اہلخانہ کو اپنے کندھے پر اٹھا کر 3 کلومیٹر تک چلے۔ افسوس ناک بات یہ بھی تھی کہ مجمعے میں موجود کئی لوگ خاتون کے پیچھے لکڑی اور کرکٹ بیٹ لے کر چلتے رہے۔
واقعے کی وڈیو سوشل میڈیا پر بہت تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔ جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ خاتون کے ساتھ موجود لوگ اسے دھیرے چلنے پر مارتے اور سارے واقعے پر شور اور مذاق کرتے رہے۔
بھارتی پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے 4 افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔
خاتون کی شکایت کے مطابق اس نے باہمی رضامندی سے اپنے شوہر سے علیحدگی اختیار کرلی تھی۔ گزشتہ ہفتے اس کے سابقہ شوہر کے گھر والے اور دیگر کچھ لوگ اسکے گھر آئے اور اسے اغوا کرلیا جس کے بعد یہ سارا واقعہ کرنے پر مجبور کیا۔
اس سے قبل بھی بھارت کی اسی ریاست میں گزشتہ سال جولائی اور 2 سال قبل اپریل میں اسی طرح کا واقعہ پیش آیا تھا۔
Comments are closed.