کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں کراچی واٹر بورڈ کے انسداد پانی چوری سیل نے پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ پھر آپریشن کیا اور مین سپلائی لائن سے پانی چوری کے کی کنکشن کاٹ دیے۔
ترجمان واٹر بورڈ کے مطابق صوبائی وزیر بلدیات ناصر شاہ کی نگرانی میں اس علاقے میں ایک ماہ قبل بھی کارروائی کی گئی تھی اس آپریشن کے بعد واٹر مافیا نے نظام پھر فعال کر دیا تھا۔
ترجمان کے مطابق مین سپلائی کی بڑی لائن سے پانی چوروں نے کنکشن لے رکھا تھا اور 3 سے 4 انچ کے کنکشن سے پانی زیر زمین ٹینکس میں جمع کیا جاتا تھا۔
ترجمان واٹر بورڈ کے مطابق زیر زمین خفیہ واٹر ٹینکس کے اوپر کنکریٹ کی تعمیرات کرکے دکانیں بنادی گئی تھیں، ملزمان دھندے کو وسعت دینے کیلئے نیا زیر تعمیر واٹر ٹینک بھی تعمیر کرتے پکڑے گئے ہیں۔
پانی کے زیر زمین ذخیرے سے ٹینکر بھر کر شہریوں کو مہنگے داموں فروخت کیے جاتے ہیں۔
واٹر بورڈ حکام کے مطابق ایک ماہ قبل یہاں چوری کے کنکشن کاٹ دیئے جانے کے بعد پانی چور مافیا نے اس نظام پھر فعال کر لیا تھا۔
ترجمان واٹر بورڈ کے مطابق اس کارروائی کے دوران ایس ایس یو پولیس کی نفری اور واٹر بورڈ کے عملے کو مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا۔
پولیس کے مطابق پانی چوروں کے سرغنہ زکریا اور کارندے آصف اور عزیز کے خلاف اورنگی ٹاؤن تھانے میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
Comments are closed.