متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی نے پیپلز پارٹی پر سندھ کی انتظامی، سیاسی اور لسانی تقسیم کا الزام لگادیا۔
ایم کیو ایم کے بہادر آباد مرکز پر جنرل ورکرز اجلاس سے خطاب میں خالد مقبول صدیقی نے دعویٰ کیا کہ پاکستان کی جمہوریت ایکسپائری ڈیٹ کی طرف بڑھ رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی انتظامی، سیاسی اور لسانی طور پر سندھ کو تقسیم کر رہی ہے، ٹنڈوالہ یار میں جو کچھ بھی ہوا وہ پاکستان کے نظام عدل پر طمانچہ مارا گیا ہے۔
ایم کیو ایم کنوینر نے چیف جسٹس آف پاکستان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ٹنڈوالہ یار کا واقعہ نسلہ ٹاور سے بڑا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان ہمیں آپ کی نہیں بلکہ آپ کو ہماری حمایت کی ضرورت ہے۔
اس موقع پر اپنے خطاب میں وسیم اختر نے ٹنڈوالہ یار واقعہ کی مذمت کی اور اسے بلدیاتی قانون سے توجہ ہٹانے کا اقدام قرار دیا اور الزام عائد کیا کہ پیپلز پارٹی اور پولیس اس قتل کے پیچھے ہیں۔
وسیم اختر نے اس موقع پر وفاقی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے مطالبہ کیا کہ وزیر اعظم عمران خان پارٹی کنوینر خالد مقبول سے رابطہ کریں۔
جنرل ورکرز اجلاس میں بلدیاتی قانون اور ٹنڈوالہ یار واقعہ کے خلاف بدھ کو کراچی پریس کلب پر احتجاج کا اعلان بھی کیا گیا۔
Comments are closed.