لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے تسلیم کیا ہے کہ فاسٹ بولرز کا انداز جارحانہ ہوتا ہے اور اس کی وجہ سے ان میں غصہ بھی آتا ہے ، لیکن جب آپ کپتان ہوتے ہیں تو پھر آپ کو ان چیزوں پر کنٹرول کرنا پڑتا ہے ۔
شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ کپتان کو پرسکون رہنا پڑتا ہے ، پر سکون رہتے ہوئے سب سے کام لینا پڑتا ہے، اس کے ساتھ مجھے یہ بھی اندازہ ہے کہ مجھے اپنی پرفارمنس کو مزید بہتر کرنا ہے ، میری پرفارمنس بہتر ہو گی تو میں دوسروں سے ان کی پرفارمنس کے حوالے سے بات کروں گا۔
فاسٹ بولر نے کہاکہ کپتانی کی وجہ سے پوری ٹیم کو ساتھ لے کر چلنا پڑتا ہے ،ذمہ داری بڑھ جاتی ہے ، اس کا دباؤ نہیں ہوتا بس ذمہ داری لینا پڑتی ہے ، مجھے محمد حفیظ کی وجہ سے خاصی مدد مل رہی ہے ، وہ سینئر کھلاڑی ہیں ، میں ان سے پوچھتا ہوں اور سیکھتا ہوں جس کا مجھے فائدہ ہو رہا ہے ۔
شاہین شاہ آفریدی نے لاہور قلندرز کے پری کیمپ کے اختتام پر میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ کیمپ اچھا رہا ، دستیاب کھلاڑیوں نے شرکت کی ، مجھے کھلاڑیوں کو اور کھلاڑیوں کو مجھے سمجھنے کا موقع ملا ۔
انہوں نے کہاکہ کیمپ میں محمد حفیظ جیسے سینئر کھلاڑی کے ہونے کا بہت فائدہ ہوا ہے۔
Comments are closed.