محکمۂ موسمیات نے صوبۂ خیبر پختون خوا کے اکثر اضلاع میں منگل سے بارشوں اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ظاہر کیا ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق صوبے میں بارشوں کا سلسلہ جمعرات تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
محکمۂ موسمیات نے بتایا ہے کہ اس دوران چترال، دیر، سوات، مالا کنڈ، کوہستان، شانگلہ، بونیر میں وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔
مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، صوابی، مردان، نوشہرہ، پشاور، چارسدہ، کوہاٹ، باجوڑ اور کرم میں بھی بارش کا امکان ہے۔
محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ اس دوران گلیات، ناران، کاغان، چترال، دیر، سوات اور مالم جبہ کے پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے۔
اس حوالے سے پی ڈی ایم اے خیبر پختون خوا نے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو پیشگی ضروری اقدامات کرنے کے لیے مراسلہ بھیج دیا ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو پیشگی اقدامات کی ہدایات کی ہے، بالائی اضلاع میں بارش اور برف باری کےباعث لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ہدایت کی گئی ہے کہ لنک روڈز کی بحالی کے لیے مشینری کی دستیابی یقینی بنائی جائے، جبکہ سیاح دوران سفر احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
Comments are closed.