وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ تاریخی جملہ بولنا چاہتا ہوں کہ چاروں شریف پاکستان کی سیاست سے مائنس ہیں، وزیرِ اعظم عمران خان اگلے ماہ چین جائیں گے۔
میڈیا سے گفتگو کے دوران وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ نواز شریف آنا چاہتے ہیں تو آئیں، نہیں آنا چاہتے تو نہ آئیں۔
ان کا کہنا ہے کہ یہ چاہتے ہیں کہ جو ہاتھ عمران خان کے سر پر ہے وہ ان کے سر پر ہو، وہ ہاتھ ان کی گردن پر تو آ سکتا ہے سر پر نہیں۔
شیخ رشید نے کہا کہ اپوزیشن آئی ایم ایف جائے تو حلال، عمران خان جائے تو حرام ہے، یہ لوگ 23 بار آئی ایم ایف جا چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کی شرائط سخت تھیں مگر جانا پڑا کیوں کہ حالات ٹھیک کرنے ہیں، یہ دو دو لانگ مارچ کرنے جا رہے ہیں، انہیں راستہ دیں گے۔
وفاقی وزیرِ داخلہ نے کہا کہ 4 ماہ بعد بلدیاتی انتخابات ہونے جا رہے ہیں، او آئی سی کے مہمان پاکستان آئیں گے، بھارت پھر شور شرابا ڈالے گا۔
انہوں نے کہا کہ احساس پروگرام کے تحت اربوں روپے تقسیم کیے گئے، شہباز شریف اپنے بڑے بھائی نواز شریف سے زیادہ کرپٹ ہیں۔
شیخ رشید نے مزید کہا ہےکہ ہماری حکومت کو ساڑھے 3 سال ہو چکے ہیں، اس سے قبل حکمراں 14، 18 اور 22 ماہ میں بھی گھر گئے ہیں۔
وفاقی وزیرِ داخلہ نے یہ بھی کہا ہے کہ راولپنڈی کے عوام کے لیے یہ خوش خبری ہے کہ نالہ لئی ایکسپریس وے منصوبے کی منظوری دے دی گئی ہے۔
Comments are closed.