سابق وزیرِ اعظم، مسلم لیگ نون کے قائد میاں محمد نواز شریف کے فون کے بعد سابق صدر، پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم)، جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن میں ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ آصف علی زرداری اور مولانا فضل الرحمٰن کے درمیان ٹیلی فون پر موجودہ سیاسی صورتِ حال پر گفتگو ہوئی ہے۔
دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ سینیٹ کے انتخابات میں پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے امیدواروں کی کامیابی کے لیے کام کرنا ہوگا۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ لانگ مارچ بھرپور طریقے سے ہو گا، صدارتی آرڈیننس تسلیم نہیں کیا جائے گا۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ آصف علی زرداری اور مولانا فضل الرحمٰن کے درمیان ٹیلیفونک گفتگو میں دھرنے پر بھی مشاورت کی گئی۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ سابق صدر اور پی ڈی ایم کے سربراہ نے سرکاری ملازمین پر شیلنگ کے واقعے پر افسوس کا اظہار بھی کیا ہے۔
Comments are closed.