چنئی: انگلینڈ نے کپتان جوئے روٹ اور باؤلرز کی تباہ کن باؤلنگ کی بدولت بھارت کو اسکے ہوم گراؤنڈ پر پہلے ٹیسٹ میں 227 رنز سے عبرتناک شکست دیدی اور 4 میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کرلی۔
چنئی میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جس کو کپتان جو روٹ نے شاندار بیٹنگ سے درست ثابت کردیا، انگلش کپتان نے ڈبل سنچری اسکور کرتے ہوئے 218رنز کی اننگز کھیلی جس کی بدولت انگلینڈ کی ٹیم پہلی اننگز میں 218 رنز بنائے، ڈوم سبلی نے 87 اور بین اسٹوکس نے 82 رنز بنائے۔
بھارت کی جانب سے روی چندرن ایشون اور جسپریت بمراہ نے تین، تین جبکہ ایشانت شرما اور شہباز ندیم نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔
جواب میں بھارت کی ٹیم 73 رنز پر چار کٹیں گنوا بیٹھی تھی لیکن چتیشور پجارا، ریشابھ پنت اور واشنگٹن سندر کی نصف سنچریوں کی بدولت بھارت کی ٹیم 337 رنز بنانے میں کامیاب رہی۔ پنت نے 91، سندر نے 85 اور پجارا نے 73 رنز بنائے جبکہ انگلینڈ کی جانب سے ڈوم بیس 4 وکٹیں لے کر سب سے کامیاب بالر رہے۔
بھاری برتری لینے کے باوجود انگلینڈ نے فالو آن نہیں کرایا اور دوسری اننگز میں خود بیٹنگ کو ترجیح دی۔ دوسری اننگز میں تیز رفتاری سے بیٹنگ کی کوشش میں پوری انگلش ٹیم 178 رنز پر ڈھیر ہوگئی، روٹ 40 رنز بنا کر پھر سب سے کامیاب بلے باز رہے جبکہ ایشون نے 6 وکٹیں حاصل کیں۔
انگلینڈ نے بھارت کو میچ میں فتح کے لیے 420 رنز کا ہدف دیا، جس کے جواب میں پوری بھارتی ٹیم 192 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی، بھارت کے چھ کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی نہ پہنچ سکے، کپتان کوہلی نے 72 اور شبمن گل نے 50 رنز بنائے، انگلینڈ کی جانب سے جیک لیچ نے 4 اور جیمز اینڈرسن نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔
انگلینڈ نے 227 رنز سے فتح حاصل کر کے سیریز میں 1-0سے برتری حاصل کر لی۔ ڈبل سنچری بنانے والے جو روٹ کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
The post انگلینڈ نے بھارتی سورماؤں کو ہوم گراؤنڈ میں ہی دھول چٹادی appeared first on Urdu News – Today News – Daily Jasarat News.
Comments are closed.