حکومتی جماعت پاکستان تحریک انصاف کے پارلیمانی لیڈر بلال غفار کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی نے سندھ اسمبلی میں جمہوریت کا جنازہ نکال دیا ہے، ناظم جوکھیو اور فہمیدہ سیال سے متعلق ہماری قرار داد کو پیش کرنے نہیں دیا گیا۔
پی ٹی آئی کے پارلیمانی لیڈر بلال غفار نے دیگر ارکان اسمبلی کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن کو کمیٹیوں میں نمائندگی نہیں دی جاتی۔
انہوں نے کہا کہ اسپیکر سندھ اسمبلی لاپتہ ہیں اس کی ایف آئی آر کٹوائی جائے، امید ہے کہ پولیس اور رینجرز بھی اسپیکر کی تلاش میں مدد کرے گی۔
بلال غفار نے کہاکہ ہم انہیں ایکسپوز کرتے ہیں اس لیے یہ خوفزدہ ہیں، اسمبلی میں ہمارے مائک بند کردیے جاتے ہیں،ایوان میں ایجنڈے بھی حکمرانوں کی مرضی سے لیے جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ لینڈ گریبنگ کی بات کی تو بھی کال اٹینشن رد کردیا گیا ۔
اس موقع پی ٹی آئی کے رکن سندھ اسمبلی ارسلان تاج نے کہاکہ ہمارے 7 ہزار سے زائد سوالات اس وقت جواب کے منتظر ہیں،جب اسمبلی ممبران کے منہ پر تالا لگاتے ہیں تو اسمبلی کو بھی تالا لگا دیں۔
ارسلان تاج کاکہنا تھا کہ یہ چاہتے ہیں کہ ان کی مرضی کے سوالات کیے جائیں،یہ چاہتے ہیں کہ ہم ان سے نہ پوچھیں کہ ناظم جوکھیو کو ان کے ایم پی اے نے کیوں قتل کیا، ہم یہ نہ پوچھیں کہ فہمیدہ سیال کو کیوں مارا؟
پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی کا مزید کہنا تھا کہ آج کے بعد سے اگر ہمارا مائک بند ہوا تو ہم انہیں تقریر کرنے نہیں دیں گے۔
Comments are closed.