پاکستان سٹیزن پورٹل پر عوامی مسائل کے حل میں سرکاری افسران کی جانب سے جعل سازی کیئے جانے کا انکشاف سامنے آیا ہے۔
جعل سازی کرنے والے افسران کے خلاف کارروائیوں کی رپورٹ وزیرِ اعظم عمران خان کو پیش کر دی گئی ہے۔
پی ایم ڈی یو نے 254 سرکاری افسران کے ڈیش بورڈز پر جعل سازی پر رپورٹ تیار کی ہے، عوامی شکایات پر کارروائی سے متعلق غلط بیانی پر سرکاری افسران کے خلاف کارروائی ہو گی۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پنجاب کے 154، خیبر پختون خوا کے 86، سندھ کے 3 اور وفاق کے 11 افسران کے ڈیش بورڈز کی تحقیقات کی گئی ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ تحقیقات میں پنجاب کے 44 سرکاری اہلکار جعل سازی کے مرتکب قرار پائے ہیں، چیف سیکریٹری خیبر پختون خوا نے 39 سرکاری اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی ہے، جعل سازی ثابت ہونے والے سرکاری ملازمین معطل کر دیئے گئے ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ آئی جی پنجاب کی تحقیقات کے بعد 45 سرکاری اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی گئی، آئی جی خیبر پختون خوا کی جانب سے 10 اہلکاروں اور آئی جی سندھ کی جانب سے 3 سرکاری اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی گئی ہے۔
دوسری جانب پاکستان سٹیزن پورٹل سے متعلق سرکاری افسران کی جعل سازی پر وزیرِ اعظم عمران خان نے صوبوں کے چیف سیکریٹریز اور آئی جیز کو ہدایات جاری کر دی ہیں۔
انہوں نے ہدایت کی ہے کہ عوامی مسائل کے حل میں کوتاہی بالکل برداشت نہیں کی جائے گی، عوامی مسائل کے حل سے متعلق غلط بیانی کرنے والے افسران کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔
وزیرِ اعظم عمران خان کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ سٹیزن پورٹل پر عوامی شکایات کو خود مانیٹر کرتا ہوں، شہریوں کی شکایات کے حل پر غلط بیانی کرنے والے افسران سے رعایت نہیں کی جائے گی۔
Comments are closed.