متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے سربراہ خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ مسائل تو ہیں اور ان کا اظہار حکومت سے کئی بار کرچکے ہیں۔
جیونیوز کے پروگرام ’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں گفتگو کے دوران خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ وزیراعظم سے درخواست کی قانون سازی کے لیے ہمیں بھی اپنی رائے کا اظہار کرنے دیں۔
انہوں نے کہا کہ مسائل تو ہیں ان کا اظہار حکومت سے کئی بار کرچکے ہیں، مہنگائی کا جواب حکومت کو دینا ہے، ہم پر مہنگائی کا بوجھ نہیں آنا چاہیے۔
ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ نے مزید کہا کہ ہمارے پاس ایک وزارت ہے، 2 وزارتیں لے کر نہیں بیٹھے ہوئے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ حکومت جتنی امیدوں اور دعووں کے ساتھ آئی، اس لیے انھیں پرابلم ہورہی ہے، حکومت کو اپنی نا اہلی تسلیم کرنی چاہیے۔
خالد مقبول صدیقی نے یہ بھی کہا کہ حکومت کی جانب سے ڈلیور کرنے کی امید ہے لیکن یقین نہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم صورتحال کاجائزہ لے رہے ہیں، اعتماد کی فضا میں فرق پڑا یا نہیں وقت بتائے گا۔
ایم کیو ایم سربراہ نے کہا کہ ہمیں حکومت پر اعتماد ہے، لیکن چاہتے ہیں عدم اعتماد ایوان میں نہ کرنا پڑے، بند کمروں میں کریں۔
اُن کا کہنا تھا کہ تین سالوں میں تبدیلی کے اثرات نظر نہیں آئے، حکومت نے سنجیدہ فیصلے نہ کیے تو بے چینی مزیدبڑھے گی۔
Comments are closed.