وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کا اجلاس 2 نومبر کو طلب کر لیا ہے جس کا ایجنڈا بھی جاری کردیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ اجلاس وزیراعظم کی زیر صدارت وزیراعظم ہاؤس میں ہوگا، اجلاس میں ملکی معاشی و سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔
اس اجلاس میں کالعدم تنظیم کے مارچ پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا، جبکہ کالعدم تنظیم سے مذاکرات اور حکمت عملی پر کابینہ ارکان کو اعتماد میں لیا جائے گا اور وزیراعظم کالعدم تنظیم کے مارچ اور مطالبات سے متعلق اپنا مؤقف کابینہ کے سامنے رکھیں گے۔
ایجنڈے کے مطابق اجلاس میں کامرس، اطلاعات و نشریات کے شعبوں میں خالی آسامیوں پر بریفنگ دی جائے گی، ونٹیج کار کی امپورٹ پر پابندی ایک بار اٹھانے کی منظوری دی جائے گی۔
گھروں کی تعمیر سے متعلق 1973 کے رولز آف بزنس میں ترمیم کی منظوری، بریگیڈیر ریٹائرڈ شجاع الحسن کی بطور سی ای او پاکستان اسٹیل ملز کی دوبارہ تعیناتی کی منظوری، جیمز اینڈ جیولری ڈویلپمنٹ کمپنی کی تعمیر نو کی منظوری بھی دی جائے گی۔
شیخ زید پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹیٹیوٹ لاہور، پمز کے بورڈ آف گورنرز کی تعیناتی ایجنڈے میں شامل ہے، جبکہ اجلاس میں پٹرولیم ڈویژن کی ذیلی کمپنیوں کے بورڈز میں ایکس آفیشو ڈائریکٹرز کی نامزدگیوں کا جائزہ لیا جائزہ گا۔
جنرل پاور جنریشن کمپنی، گدو کے چیف ایگزیکٹو کی تعیناتی کی منظوری، لاکھڑا پاور جنریشن کمپنی کے سی ای او کو اضافی ذمہ داری سونپی جانے کی منظوری اور فیسکو کے چیف ایگزیکٹو کی تعیناتی کی منظوری بھی ایجنڈے کا حصہ ہوگی۔
ایجنڈے کے مطابق آئندہ 4 سال کے لیے پاکستان انجیئرنگ کونسل کی گورننگ باڈی کے ممبران کی نامزدگی کی جائے گی، ای سی سی اور کابینہ لیجیسلیٹو کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق کی جائے گی۔
اسلام آباد کے سیکٹر ای 12 کی ڈیولپمنٹ سے متعلق اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کا جائزہ لیا جائے گا۔
ایجنڈے کے مطابق کابینہ کو رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے معاشی اعشاریوں پر بریفنگ دی جائے گی۔
Comments are closed.