کراچی میں پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل شیخ کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔انسداد تجاوزات آپریشن کے دوران کار سرکار میں مداخلت، سرکاری ملازمین پر حملے اور اقدام قتل کی دفعات شامل ہیں، مقدمے میں مزید 70 افراد بھی نامزد ہیں۔
اینٹی انکروچمنٹ نے ملیر میں زمین واگزار کرانے کے لیے پی ٹی آئی کے حلیم عادل شیخ کا خاندانی فارم ہاؤس بلڈوز کیا تھا، پانچ سو ایکڑ سے زائد زمین واگزار کرانے کا دعویٰ کیا گیا تھا۔
وزیر اطلاعات و بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ کہتے ہیں تجاوزات کے خلاف آپریشن چیف جسٹس کے حکم پر کیا جارہا ہے۔
سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے استفسار کیا کہ کیا تجاوزات گرانے کی کارروائی حلیم عادل شیخ کے خلاف ہوئی ہے؟
ایک بیان میں مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ پنجاب میں تجاوزات کے خلاف کارروائی ہو تو تعریف اور سندھ میں ہو تو الزام تراشی کی جاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سرکاری زمینیں واگزار کرائی جائیں گی اگر کسی نے رکاوٹ ڈالی تو اُس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
ادھر حلیم عادل شیخ نے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے خلاف مقدمے کی درخواست گڈاپ تھانے میں جمع کرادی۔
واضح رہے کہ کراچی کے علاقے ملیر میں فارم ہاؤس گرانے پر حلیم عادل شیخ کے حامیوں نے مزاحمت کی اور سڑک پر دھرنا دے کر سپر ہائی وے پر ٹریفک جام کردیا تھا۔
Comments are closed.