قومی کرکٹ ٹیم کے سابق اسپن بولر سعید اجمل نے محسنِ پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انہیں سلام پیش کیا ہے۔
سعید اجمل نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر محسنِ پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی تصویر شیئر کرتے ہوئے تعزیت کی ہے۔
انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ ’پاکستان کے لیے ایٹمی بم تخلیق کرنے والے ڈاکٹر عبدالقدیر خان انتقال کرگئے، انہیں ہمیشہ پاکستان کے قومی ہیرو کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔‘
سابق اسپن بولر سعید اجمل نے محسنِ پاکستان کو سلام پیش کرتے ہوئے لکھا کہ ’وہ پاکستان کے لیے ڈاکٹر صاحب کی تمام بے مثال خدمات کے لیے انہیں سلام پیش کرتے ہیں۔‘
انہوں نے ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے اہلخانہ سے تعزیت کرتے ہوئے ان کی مغفرت کے لیے دعا بھی کی۔
واضح رہے کہ محسنِ پاکستان، ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبد القدیر خان آج صبح رضائے الٰہی سے انتقال کر گئے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ طبیعت بہت زیادہ خراب ہونے کی وجہ سے ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو صبح 6 بجے کے آر ایل اسپتال لایا گیا تھا۔
اسپتال ذرائع کے مطابق ڈاکٹر عبدالقدیر خان کا انتقال صبح 7 بج کر 4 منٹ پر ہوا، ان کی کچھ عرصے سے طبیعت ناساز تھی۔
اسپتال ذرائع نے بتایا ہے کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کچھ عرصے قبل کورونا وائرس سے متاثر ہوئے تھے۔
ڈاکٹر عبدالقدیر خان 1936ء میں بھوپال میں پیدا ہوئے، وہ اہلِ خانہ کے ہمراہ 1947ء میں ہجرت کر کے پاکستان آئے۔
ڈاکٹر عبدالقدیر نے انجینئرنگ کی ڈگری 1967ء میں نیدر لینڈز کی ایک یونی ورسٹی سے حاصل کی، انہوں نے بیلجیئم کی ایک یونی ورسٹی سے میٹلرجیکل انجینئرنگ میں ڈاکٹریٹ کی ڈگری لی۔
ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے بعد میں ایمسٹرڈیم میں فزیکل ڈائنا مکس ریسرچ لیبارٹری جوائن کی۔
مرحوم ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے پسماندگان میں بیوہ اور 2 بیٹیاں چھوڑی ہیں۔
Comments are closed.