قومی کرکٹ ٹیم کے اسٹار فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے محسنِ پاکستان، ایٹم بم کے خالق ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
شاہین شاہ آفریدی نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے انتقال پر تعزیت کرتے ہوئے لکھا کہ ’ہم نے ایک اور قیمتی اور غیر معمولی محبِ وطن انسان کو کھودیا ہے۔‘
انہوں نے ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی وطنِ عزیز کے لیے خدمات کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ ’وہ محسنِ پاکستان، اصلی ہیرو اور پاکستان کے محافظ تھے۔‘
قومی کرکٹر نے محسنِ پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا کہ ’ہماری قوم اپنے پیارے ملک کی خاطر آپ کی خدمات کو کبھی نہیں بھولے گی۔‘
شاہین شاہ آفریدی نے محسنِ پاکستان کی مغفرت کے لیے دعا بھی کی۔
واضح رہے کہ محسنِ پاکستان، ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبد القدیر خان آج صبح رضائے الٰہی سے انتقال کر گئے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ طبیعت بہت زیادہ خراب ہونے کی وجہ سے ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو صبح 6 بجے کے آر ایل اسپتال لایا گیا تھا۔
اسپتال ذرائع کے مطابق ڈاکٹر عبدالقدیر خان کا انتقال صبح 7 بج کر 4 منٹ پر ہوا، ان کی کچھ عرصے سے طبیعت ناساز تھی۔
اسپتال ذرائع نے بتایا ہے کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کچھ عرصے قبل کورونا وائرس سے متاثر ہوئے تھے۔
ڈاکٹر عبدالقدیر خان 1936ء میں بھوپال میں پیدا ہوئے، وہ اہلِ خانہ کے ہمراہ 1947ء میں ہجرت کر کے پاکستان آئے۔
ڈاکٹر عبدالقدیر نے انجینئرنگ کی ڈگری 1967ء میں نیدر لینڈز کی ایک یونی ورسٹی سے حاصل کی، انہوں نے بیلجیئم کی ایک یونی ورسٹی سے میٹلرجیکل انجینئرنگ میں ڈاکٹریٹ کی ڈگری لی۔
ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے بعد میں ایمسٹرڈیم میں فزیکل ڈائنا مکس ریسرچ لیبارٹری جوائن کی۔
مرحوم ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے پسماندگان میں بیوہ اور 2 بیٹیاں چھوڑی ہیں۔
Comments are closed.