کراچی کے علاقے کورنگی میں واقع مہران ٹاؤن میں غیر قانونی طور پر تعمیر کی گئی فیکٹری میں آتشزدگی سے جانی نقصان پر تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا ہے کہ مہران ٹاؤن کے 1401 رہائشی، کمرشل یا انڈسٹریل پلاٹس پر غیر قانونی اور خلافِ ضابطہ تعمیرات کی گئیں۔
ان 1401 پلاٹس کی لیز یا الاٹمنٹ منسوخ کر دی گئی ہے اور تمام الاٹیز کو کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی (کے ڈی اے) کے ڈائریکٹر لینڈ مینجمنٹ نے طلبی کے نوٹس جاری کر دیئے ہیں۔
کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی (کے ڈی اے) کے ڈائریکٹر لینڈ مینجمنٹ نے اس حوالے سے اخبارات میں اشتہار شائع کرا دیا ہے۔
اشتہار میں مہران ٹاؤن اسکیم کے الاٹیز کو ان کے پلاٹ نمبر، الاٹ اراضی کے مجموعی مربع گز رقبے، پلاٹ کی نوعیت اور اس کے غیر قانونی استعمال کی تفصیلات پر مشتمل معلومات فراہم کی گئی ہے۔
کے ڈی اے نے اشتہار کے ذریعے اپنے رہائشی، کمرشل اور انڈسٹریل پلاٹس کو غلط انداز میں استعمال کرنے والے 1401 پلاٹ مالکان یا الاٹیز کو آگاہ کیا ہے کہ ان کے تمام الاٹمنٹ آرڈر اور لیٹر منسوخ کر دیئے گئے ہیں۔
اخبارات میں شائع شدہ اشتہارات کے مطابق ایسے تمام الاٹیز کو خطوط جاری کر کے بھی آگاہ کر دیا گیا ہے۔
ان تمام الاٹیز کو ذاتی طور پر ڈائریکٹر لینڈ مینجمنٹ کے رو برو اپنی دستاویزات کے ہمراہ پیش ہونے کے لیے کہا گیا ہے۔
بصورتِ دیگر قانونی کارروائی کرنے اور تمام عمارتوں کو منہدم کرنے کے کام کا آغاز کرنے سے بھی آگاہ کیا گیا ہے۔
Comments are closed.