
اسلام آباد ہائی کورٹ نے کورونا ویکسین لگوانے سے متعلق درخواست کی سماعت کے دوران ریمارکس دیتے ہوئے ویکسینیشن نہ کروانے والوں کو سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا پیروکار قرار دے دیا۔
کورونا وائرس کی ویکسین لگوانے سے متعلق درخواست قابلِ سماعت ہونے پر اسلام آباد ہائی کورٹ نے فیصلہ محفوظ کر لیا۔
دورانِ سماعت چیف جسٹس اطہر من اللّٰہ نے خاتون وکیل سے سوال کیا کہ کیا آپ نے خود ویکسین لگوائی ہے؟
خاتون وکیل شاہینہ شہاب الدین نے جواب دیا کہ میں نے ویکسین نہیں لگوائی۔
چیف جسٹس اطہر من اللّٰہ نے پوچھا کہ تو پھر آپ یہاں کورٹ کیسے آ سکتی ہیں؟
عدالت نے کہا کہ بار اور بینچ کا فیصلہ ہے کہ بغیر ویکسینیشن یہاں کوئی نہیں آئے گا۔
عدالت کی جانب سے خاتون وکیل شاہینہ شہاب الدین کو ویکسینیشن کرانے کی ہدایت کی گئی۔
عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ بھی ویکسینیشن کے خلاف تھا، آپ ویکسین نہ لگوا کر وباء پھیلانے میں تعاون کر رہی ہیں۔
چیف جسٹس نے یہ بھی کہا کہ اب جو جو کورونا وائرس کی ویکسینیشن نہیں کروا رہا وہ تو پھر ڈونلڈ ٹرمپ کا پیرو کار ہوا۔
عدالتِ عالیہ نے وکیل کے دلائل کے بعد درخواست قابلِ سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔
Comments are closed.